صحت مند غذائیت پاکستان کے بچوں کا حق ہے، گورنرسندھ

سرکاری و نجی شعبہ کے باہمی تعاون سے غذائیت کی کمی جیسے اہم مسئلہ کا حل نکالا جا سکتا ہے ،ْمحمد زبیر

پیر 4 جون 2018 22:30

صحت مند غذائیت پاکستان کے بچوں کا حق ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند غذائیت بھی پاکستان کے بچوں کا حق ہے اور اس ضمن میں سرکاری و نجی شعبہ کے باہمی تعاون سے غذائیت کی کمی جیسے اہم مسئلہ کا حل نکالا جا سکتا ہے جو کہ خصوصاً سندھ میں بہت تشویشناک ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ ملک ڈے کی مناسبت سے اینگرو پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے صحت مند غذائیت کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے آغاز کی گئی’’ صحت مند بنے گا پاکستان‘‘ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

گورنرہائوس میں منعقدہ اس تقریب میں ایس او ایس ولیج کے بچوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا تاکہ وہ اس بات کا عہد کریں کہ روزانہ دو گلاس محفوظ اور صحت مند دودھ استعمال کریں گے یہ پہلا موقع ہے کہ نجی و سرکاری شعبہ نے غذائیت کی کمی جیسے مسئلہ کو اجاگر کرنے کے لئے کسی تقریب کا انعقاد کیا ہے جس کے لئے گورنرسندھ کی جانب سے بھرپور مدد کی گئی ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے اپنے خطاب میں اینگرو فوڈز کی جانب سے شروع کی گئی مہم کو سراہتے ہوئے کہ ہم سب کو اس ضمن میں بھرپور مدد اور تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اس لئے ان کی غذائی ضروریات کو پورا کرنا اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں بھرپور آگاہی مہم کی بھی ضرورت ہے تاکہ خصوصاً والدین میںاپنے بچوں کو روزانہ صحت مند اور محفوظ دودھ کے دوگلاس پلانے کی اہمیت اجاگر کی جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ایس او ایس ولیج میں مقیم بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور ان بچوں کی معاشرے میں فعال کردار کو یقینی بنانے کے لئے ہم سب کو کوششیں کرنا ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ یہ نہایت بدقسمتی کی بات ہے کہ دودھ پیدا کرنے والے ممالک میں تیسرے نمبر پرہونے کے باوجود پاکستان کا شمار بچوں میں کم غذائیت والے ممالک میں ایشیاء کے دوسرے نمبر کے ملک میں ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا 5 واں بڑا ملک ہے جبکہ اعداد و شمار کے مطابق اس کے 42 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اینگرو فوڈلمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد علی ملک نے بتایا کہ اینگرو صارفین کو معیاری مصنوعات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کا مقصد بچوں میں غذائیت کی کمی جیسے اہم مسئلہ کی جانب توجہ مبذول کروانا اور اس ضمن میں آگاہی پیدا کرنا ہے یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مارکیٹ میں دستیاب کھلے دودھ میں بہت زیادہ جراثیم پائے جاتے ہیں جن کے باعث بچوں میں جگر کی خرابی یا کینسر کے خطرات زیادہ بڑھ جاتے ہیں اور اس بارے میں عدم آگاہی کے سبب بچوں میں امراض کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے ۔

تقریب میں اینگر و فوڈز لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد علی ملک ، چیف فنانشل آفیسر عمران حسین ، ڈائریکٹر مارکیٹنگ حبیب الرحمن ، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس عثمان عابد ، جنرل منیجر ریگولیٹری افیئرز ریحان سعید اور کارپوریٹ کمیونیکیشن کی سربراہ نگہت رضوی بھی موجود تھیں ۔