سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے حق رائے دہی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے عوامی سطح پر مہم چلانے کی سفارش کر دی

پیر 4 جون 2018 22:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سفارش کی ہے کہ حق رائے دہی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے عوامی سطح پر مہم چلائی جائے۔ اس سلسلے میں وزارت اطلاعات و نشریات اور پیمرا الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اپنی سرکاری اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سلسلے میں کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ووٹ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں مہم چلائی جائے اور اس سلسلے میں وزارت اطلاعت و نشریات اور پیمرا الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کریں اس مہم کے دوران عوام کو انتخابات اور ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے اور ان میں ووٹر اور ووٹ ڈالنے کے حق کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے ۔اس کے علاوہ عام انتخابات کے دوران دھاندلی کی روک تھام کے بارے میں بھی عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کی جائے۔