یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ کے موقع پر پورے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے خصو صی انتظاما ت کئے جائیں، ایم ڈی واٹر بورڈ

پیر 4 جون 2018 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) واٹربورڈکے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود شیخ نے واٹربورڈکے حکام کو ہدایت کی ہے کہ یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ کے موقع پر پورے شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے خصو صی انتظاما ت کئے جائیں، تمام مساجد، امام بارگاہوںاور جلوس کے راستوں پر مختلف مذہبی و فلاحی اداروں کی جانب سے لگائے جانے والے کیمپوں میں فراہمی آب کو یقینی بنایا جائے او رجلوس کی گزرگاہوں کے اطراف نکاسی آب کے نظام کو رواں رکھا جائے ،تمام مین ہولز پر کور کی مو جودگی کو یقینی بنایا جائے اور سیو ریج کے پانی کو کسی بھی مقام پر کھڑا نہ ہونے دیا جائے تاکہ مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو،جلوسو ں اور مجالس کی انتظامیہ کی درخواست پر پانی کے ٹینکرز فوری فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ،یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں یوم شہادت حضرت علی ؑ کے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ جائزہ ا جلاس کے دوران دیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان تمام چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز ایگزیکٹیو انجینئرز اور اسسٹنٹ ایگزیکٹیوانجینئرز نے شرکت کی، ایم ڈی واٹربورڈ نے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ منتخب نمائندوں ، علماء کرام محلہ کمیٹیوں اور دینی و فلاحی تنظیموں کے عہدیداران سے رابطے میں رہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں محدود وسائل میں رہتے ہوئے شہریو ں کی خدمت کرنی ہے، اپنے فرائض منصبی چیلنج سمجھ کر ادا کر نے ہیںیوم شہادت حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ سے قبل شہر کے تمام علاقوں میں نکاسی آب وفراہمی آب کا جائزہ لیا جائے اور ہر گلی اور ہر محلہ میں پانی فراہم کرنے کے لئے پانی کی لائنوں اور والو و آپریشن کی کڑی نگرانی کریں، پمپنگ اسٹیشنوں پر والوو آپریشن کی شیڈول نمایاں طو رپر آویزاں کیا جائے ۔

اسی طرح سے نکاسی آب کے نظام کو رواں رکھنے کئے نہ صرف نکاسی آب کی لائنوں کی دیکھ بھال کریں بلکہ نکاسی آب کی لائنوں کی صفائی اور مین ہولز کی دیکھ بھال اور ڈھکن رکھنے کے عمل کو مستقل بنیادوں پر انجام دیا جائے۔ جہاں جہاں اوورفلو کی شکایات ہوں وہاں سیوریج کلیننگ مشین ، جیٹنگ مشین او ر افرادی قوت کے استعمال سے اپنے متعلقہ علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کورواںرکھا جائے ،واٹربورڈکے مرکزی کمپلینٹ سینٹر پر موصول ہونے والی فراہمی و نکاسی آب سے متعلق شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر خا تمہ کیاجائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ سیوریج کلیننگ مشینوں ، جیٹنگ مشینوں ، جنریٹر ز اور دیگر مشینری کو مکمل طور پر درست حالات میں رکھا جائے شہر میں قائم تقسیم آب و سیوریج کے ایسے پمپنگ اسٹیشنز جو لوڈشیڈنگ سے متاثرہوتے ہیں ان میں جنریٹر کیلئے اضافی ایندھن کا بندوبست کیا جائے تاکہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کے دوران فراہمی ونکاسی آب کا عمل متاثر نہ ہو ،اس موقع پر ٹینکرزاینڈ ہائیڈرنٹس سیل کے کوآرڈینیٹرمحمد دلاور نے اجلاس کو بتایا کہ مرکزی جلوس ،امام بارگاہوں اور مجالس کی انتظامیہ کو ان کی طلب کے مطابق متعدد پانی کے متعدد ٹینکرز فراہم کیئے جارہے ہیں ، شہری و ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے توسط سے جلوس کی انتظامیہ اور شرکاء کو فوری طور پر پانی کی فراہمی کیلئے 40 سے زائد ٹینکرز جلوس کی گزرگاہ کے قریب اور واٹربورڈ کے صدر دفتر واقع انیکسی بلڈنگ سوک سینٹر گلشن اقبال پر تیار رہیں گے ،اس سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔