سردار عتیق کے داماد اور سابق امیدواراسمبلی راجہ ثاقب مجید کی جگہ پیپر دینے والے جعلی امیدوار رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

پیر جون 22:42

سردار عتیق کے داماد اور سابق امیدواراسمبلی راجہ ثاقب مجید کی جگہ پیپر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) صدر مسلم کانفرنس مظفرآباد اور انتخابی حلقہ 4کھاوڑہ سے سابق امیدوار اسمبلی راجہ ثاقب مجید کی جگہ اسلامیات اختیاری (انٹرمیڈیٹ) کا پیپر دیتے ہوئے دو نوجوان رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔تفصیلات کے مطابق مظفرآباد کے نواح میں واقع اجی باباگورنمنٹ ڈگری کالج انوار شریف میں قائم امتحانی مرکز میں راجہ ثاقب مجید رول نمبر553959 کے تحت بطور امیدوار تھے لیکن امتحانی عملے اورکالج کے اساتذہ کی ملی بھگت سے ان کی جگہ راجہ معین ولد راجہ قیوم اورایک مدرس راجہ حماد جاویدولد راجہ راجہ جاویدسکنہ ٹھیریاں پرچہ حل کر رہے تھے۔

ڈگری کالج انوار شریف میں امتحانی مرکز کے ناظم سید ذاکر حسین شاہ کے مطابق ان کے معاون عملے کے ارکان مرزا فضیل بیگ ، محمد ضمیر ، نصیرا حمد اور عابد خالدنے ثاقب مجید کی جگہ امتحان دینے و الے دو لڑکوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ سنٹر کے ناظم امتحانات کی جانب سے ایس ایس پی ضلع مظفرآباد کو دی گئی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ راجہ ثاقب مجید کی جگہ امتحان دینے والے لڑکوں کو نائب ناظم امتحانی مرکز اجی بابا گورنمنٹ ڈگری کالج انوار شریف (کوڈ 085) اور اسی کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر راجہ تنویراحمد خان اور ادارے کے ہیڈ کلرک راجہ اسعد بشیر کی معاونت حاصل تھی۔

انہوں دونوں متبادل جعلی امیدواروں کو پرچہ حل کرنے کے لیے الگ کمرہ بھی فراہم کیا گیا تھا۔ناظم امتحانات کے مطابق عملہ کے ارکان نے اس مخصوص کمرے سے اسلامیات اختیاری کا پیپر حل کرے ہوئے راجہ معین اورمدرس راجہ حماد کو جوابی کاپی نمبر 350144سمیت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اورموقع پر جعلی امیدواروں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنا لیں۔ اس کے بعد پکڑے گئے جعلی امیدواروں کے رشتہ داروں نے امتحانی عملے پر دھا وا بول دیااور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ جعلی امیدوارراجہ حماد جاویدمحکمہ تعلیم میں مدرس ہے اور دوسرے جعلی امیدوار راجہ معین کا کزن ہے جبکہ راجہ حماد ثاقب مجید کے بھائی کا برادرِ نسبتی بھی ہے۔ یہ دونوں جعلی امیدوار اجی بابا گورنمنٹ ڈگری کالج کے اسسٹنٹ پروفیسراور جعل سازی کے مبینہ سہولت کار راجہ تنویر احمد خان کے بھتیجے ہیں۔

متعلقہ عنوان :