کوئٹہ،اپوزیشن جماعتوں نینگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے تین اراکین کے نام فائنل کرلئے

ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ ،نواب ثناء اللہ زہری سیدلیاقت آغا کے نام پراتفاق ، 2کے نام پارلیمانی کمیٹی کیلئے دئیے جائیں

پیر 4 جون 2018 22:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے تین اراکین کے نام فائنل کرلئے گئے ہیں جن میں سے 2نام پارلیمانی کمیٹی کیلئے دئیے جائیںگے ،پارلیمانی کمیٹی کیلئے اپوزیشن کی جانب سے سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ ،نواب ثناء اللہ زہری اور پشتونخوامیپ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی سیدلیاقت آغا کے نام پراتفاق کیاگیاہے ۔

وہ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ عبدالرحیم زیارتوال کاکہناتھاکہ اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے 3ممبران فائنل کرلئے گئے ہیں جن میں سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،نواب ثناء اللہ زہری اور سید لیاقت آغا شامل ہیں تاہم مشاورت کے بعد اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کیلئے 2نام دئیے جائیںگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلم بھوتانی ،قاضی اشرف ،علی احمد کرد سمیت دیگر نام بھی زیر غور ہے ۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال ودیگر کے درمیان نگراں وزیراعلیٰ کے لئے 6ملاقاتیں کی گئی لیکن وہ تمام بے نتیجہ ثابت ہوئیں اور اسمبلی تحلیل ہونے کے تین دن بعد معاملے کو پارلیمانی کمیٹی کے حوالے کردیاگیاہے جس کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تین نام اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ حکومت میں شامل جماعتوں کی جانب سے ابھی تک کمیٹی کے 2اراکین کے نام سامنے نہیں آسکے ہیں،پارلیمانی کمیٹی بھی نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی میں ناکام رہی تو معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حوالے کردیاجائے گا جو صوبے کے نگراں وزیراعلیٰ کے نامزد کافیصلہ کریگی ۔