اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کا نفاذ کرائوں گا، ساجد عباسی

سی ڈی اے اور ایم سی آئی تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں تعاون کریں،محمد نوید ملک

پیر 4 جون 2018 22:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) مسلم لیک (ن) اسلام آباد سٹی کے جنرل سیکرٹری اور ایم سی آئی کے چیئرمین ساجد عباسی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے قائم مقام صدر محمد نوید ملک سے بات چیت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے آئندہ الیکشن میں موقع دیا تو وہ اسلام آباد میں کرایہ داری کا نیا قانون نافذ کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے تا کہ تاجر برادری کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔

انہوںنے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اگر عوام نے ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کیا تو وہ اقتدار میں آ کرتاجر برادری کے اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں چیمبرو تمام تاجر تنظیموں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور ان کی مشاورت سے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے قائم مقام صدر محمد نوید ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ قانون کرایہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسلام آباد کی تاجر برادری مشکلات کا شکار ہے کیونکہ آئے روز تاجروں کی بے دخلیوں کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک منصفانہ قانون کرایہ داری کو مسودہ تیار کیا گیا تھا جو بل کی شکل میں قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا لیکن اس کو ابھی تک قانون کی شکل نہیں دی گئی۔

انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ منتخب ہونے والی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کا نفاذ یقینی بنائے تا کہ تاجر برادری کا یہ دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو سکے۔انہوںنے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی عدم توجہ کی وجہ سے عرصہ دراز سے مارکیٹوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے جس وجہ سے ان کی حالت بہت خستہ ہو چکی ہے۔

انہوں نے دونوں اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ وفاقی دارخلافہ کی مارکیٹوں کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کریں تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔ انہوںنے مزید کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے میں تعاون کریں تا کہ سازگار حالات پیدا ہونے سے صنعت و تجارت کو بہتر ترقی ملے جس سے معیشت استحکام کی طرف بڑھے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر باصر دائود، راجہ سفیر، ملک شکیل، سید حیدراور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔