صحافت عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہے، گورنر سندھ

عام انتخابات کے موقع پر صحافی عوام کو اصل حقائق سے آگاہ رکھیں، 2013 ء کے مقابلہ میں آج کا پاکستان پر امن اور ترقی کی سمت گامزن ہے ، مستحکم معیشت ، روزگار کے مواقع ، توانائی بحران کے خاتمہ اور سماجی شعبہ کی ترقی گذشتہ حکومت کے اہم ترین کارنامے ہیں ، گذشتہ پانچ برس کے دوران صوبوں میں مختلف جماعتوں کی حکومتیں رہی ہیں ان کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے ، عوام کو کارکردگی کی بنیاد پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہئے ، بہتر فیصلہ ملک و قوم کی تقدیر سنوارنے میں اہم ثابت ہو سکتا ہے، پر یس کلب کورنگی کے وفد سے گفتگو

پیر 4 جون 2018 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون اور عوام ، حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہے ، ملک کی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں میڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام کو اصل حقائق سے آگاہ رکھیں تاکہ عوام کو اچھے ، باکردار،دیانتدار اور قومی جذبہ رکھنے والے افراد کے انتخاب میں آسانی ہو سکے۔

وہ پیر کو گورنرہاؤس میں پر یس کلب کورنگی کے صدر اوشاق علی میرانی کی قیادت میں آنے والے پانچ رکنی وفد سے ملاقات کررہے تھے۔ ملاقات میں سینئر نائب صدر امداد حسین ، جنرل سیکریٹری محمد عارف ، فنانس سیکریٹری محمد آصف اور آفس سیکریٹری راجہ آصف علی شامل تھے۔ ملاقات میں قومی ترقی میں صحافت کے کردار ، جمہوریت کے قیام اور تسلسل میں صحافت کی قربانیاں ، عام انتخابات میں صحافت کی ذمہ داریاں ، قومی ضرورت اور تقاضوں کے مطابق صحافتی خدمات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 25 جولائی 2018 ء ملک کی تاریخ کا انتہائی اہم ترین دن ہے اس روز عوام اگلے پانچ برس کے لئے قومی قیادت کا انتخاب عمل میں لائیں گے ، اچھی اور وڑنری قیادت قومی معیشت ، سماجی شعبہ جات کی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے اس ضمن میں میڈیا کو چاہئے کہ وہ اصل حقائق سے عوام کو آگاہ کریں تاکہ عوام کو اچھی قیادت کے انتخاب میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ،ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے آئندہ ہونے والے عام انتخابات اہم اور فیصلہ کن ثابت ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے مقابلہ میں آج کا پاکستان پر امن اور ترقی کی سمت گامزن ہے ، مستحکم معیشت ، روزگار کے مواقع ، توانائی بحران کے خاتمہ اور سماجی شعبہ کی ترقی گذشتہ حکومت کے اہم ترین کارنامے ہیں ، گذشتہ پانچ برس کے دوران صوبوں میں مختلف جماعتوں کی حکومتیں رہی ہیں ان کی کارکردگی بھی سب کے سامنے ہے ، عوام کو کارکردگی کی بنیاد پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہئے ، بہتر فیصلہ ملک و قوم کی تقدیر سنوارنے میں اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے ، صحافت پر قدغن لگانے کا وقت گذر چکا ہے آج کا میڈیا مکمل آزاد اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ، جمہوریت کے قیام میں صحافت کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ جمہوری ادوار میں صحافت کے مسائل ، درپیش مشکلات کے حل اور حائل رکاوٹوں کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے تحفظ ، کفالت اور فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔

ملاقات میں پر یس کلب کورنگی کے صدر اوشاق میرانی نے گورنرسندھ کو علاقائی سطح پر پریس کلب کے قیام ، صحافیوں کے مسائل ، درپیش مشکلات اور عام انتخابات میں غیر جانبدارانہ صحافت کا عزم رکھنے والے پریس کلب کورنگی کے اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔