کپاس کی گلابی سنڈی پر حملے کیخلاف پی بی روپس کا استعمال انتہائی ناگزیر ہے ،ڈاکٹر زاہد محمود

پیر جون 23:25

ملتان۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں ادارہ ہذا اور محکمہ زراعت توسیع پنجاب کے باہمی تعاون سے کپاس کی گلابی سنڈی کے خلاف مئوثر حکمت عملی کے لیے پی بی روپس کے استعمال کی افادیت بارے ایک روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ زراعت توسیع پنجاب کے مختلف اضلاع ، ملتان ، ساہیوال ، بہاولپور،ڈیرہ غازی خان اور سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی ڈائریکٹرز اور محکمہ زراعت توسیع ملتان کے زراعت افسران نے بھر پور شرکت کی اور اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر زاہد محمود نے کی جبکہ ان کے ساتھ معاون صدارت ظفر یاب حیدر ،ڈائریکٹر جنرل محکمہ زراعت توسیع پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر زاہد محمود نے بتایا کہ کپاس کی گلابی سنڈی پر حملے کے تدارک کے خلاف پی بی روپس کا استعمال انتہائی ناگزیر ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مزید بتایا کہ سی سی آر آئی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ گلابی سنڈی کے خلاف مئوثر حکمت عملی کے لیے ادارہ ہذا نے سب سے پہلے گزشتہ چار دہائیوں سے پی بی روپس کے استعمال کی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے اور آئندہ بھی ہم دیگر زرعی صوبائی محکمہ جات کے ساتھ مل کر کپاس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا تحقیقی کام بھرپور طریقے سے جاری وساری رکھیں گے اور اس سلسلہ میں سی سی آر آئی ملتان اپنی تحقیقی و تکنیکی معاونت پیش کرتا رہے گا ، اس کے علاوہ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زاہد محمود نے بتایا کہ گلابی سنڈی کے سب سے مئوثر کنٹرول کے لیے ادارہ اہذا نے کپاس کی آخری چنائی کے بعد باقی ماندہ ادھ کھلے اور ان کھلے ٹینڈوں سے گلابی سنڈی کی تلفی کے لیے مشینی طریقہ کار کی ٹیکنالوجی mechanical boll picker بھی متعارف کرائی ہے اس سے نہ صرف گلابی سنڈی کا کنٹرول ممکن ہو سکے گا بلکہ کپاس کی چھڑیوں کا استعمال بھی بے خوف وخطر کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محکمہ زراعت توسیع پنجاب ظفریاب حیدر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کے کپاس کے تحقیقی میدان میں سی سی آر آئی ملتان کا ہمیشہ لیڈنگ رول رہا ہے اور ہم نے اس ادارہ سے بہت کچھ سیکھا ہے اور آئندہ بھی ہم ایک دوسرے کے تعاون سے کپاس کے تحقیقی میدان میں اپنے اپنے تجربات کا تبادلہ کرتے رہیں گے، شرکاء نے سی سی آر آئی ملتان کے کپاس کے تحقیقی میدان میں بھرپور کرادر کو بے حد سراہا۔