ڈینگی لاروے کے حوالے سے تمام حساس مقامات کی جیوٹیگنگ کردی گئی ہے،زاہد سہیل

پیر 4 جون 2018 23:25

ملتان۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ ڈینگی لاروے کے حوالے سے تمام حساس مقامات کی جیوٹیگنگ کردی گئی ہے۔ سکول، ہسپتال اور گوداموں میں روزانہ کی بنیادوں پر سرویلنس کی جائے،قبرستان، گودام اور کباڑخانوں میں خصوصی آپریشن کیا جائے ۔ صوبہ بھر میں ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے ملتان سرفہرست ہے جس کا تمام کریڈٹ ڈینگی سٹاف کو جاتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد بخاری، فوکل پرسن برائے ڈینگی ڈاکٹر عطاء الرحمن سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے کہا کہ ہم نے بھرپور محنت سے ڈینگی کو شکست دی اور اب بھی ڈینگی لاروے کی افزائش روکنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اگر شہری بھی ساتھ دیں تو ہم اس موذی مرض کو جڑ سے اکھاڑسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن حساس مقامات کی نشان دہی کی گئی ہے وہاں روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کو یقینی بنایا جائے ۔ گھروں کے علاوہ سکول، ہسپتال، گوداموں، قبرستان اور کباڑ خانوں میں صفائی و ستھرائی کا خصوصی انتظام کیا جائے۔ ڈینگی عملہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کسی جگہ بھی پانی جمع نہ ہو تاکہ وہاں ڈینگی لاروا نشوونما نہ پاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر محکمہ خدمت سمجھ کر ڈینگی مہم کو بھرپور انداز میں چلائے تاکہ ہم اپنی نسل کو محفوظ رکھ سکیں۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد بخاری نے کہا کہ شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھیں ۔ ہمیں ڈینگی سے گھبرانے کی بجائے احتیاط اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے، جس کے لئے ہم سب تیار ہیں۔ فوکل پرسن ڈینگی ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ ملتان شہر میں جوہڑوں اور گندگی کے ڈھیروں کا فوری سدباب کیا جارہا ہے ۔ جدید اینڈرائیڈ موبائل سسٹم کے تحت ڈینگی سٹاف کی کارکردگی چیک کی جارہی ہے جو کہ حوصلہ افزا ہے۔