ہرن مینار شیخوپورہ کی تزئین و آرائش سے سیاحوں کی تعداد میں سالانہ 300فیصد اضافہ ہوا

سیاحوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے ،ْ تزئین و آرائش کے بعد کئی غیر ملکی شخصیات نے سیر کی، مقصود ملک

پیر 4 جون 2018 23:28

لاہور۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) شیخوپورہ میں واقع ہرن مینار کی تزئین و آرائش کے بعد یہاں سیر کیلئے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، پنجاب آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان مقصود ملک نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہرن مینار شیخوپورہ کی تزئین و آرائش کے باعث یہاں آنیوالے سیاحوں کی تعداد سالانہ 300فیصد سے تجاوز کر چکی ہے، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ کئی غیر ملکی شخصیات نے بھی تزئین و آرائش کے بعد ہرن مینار کی سیر کی ہے،انہوں نے کہا کہ تزئین و آرائش کے بعد ہرن مینار کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے اور یہاں سیاحوں کی دلچسپی کیلئے تمام جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، مقصود ملک نے ہرن مینار کی تاریخی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہرن مینار دنیا میں ایک منفرد مینار کا درجہ رکھتا ہے جسے مغل شہنشاہ جہانگیر نے اپنے کالے ہرن ’’ ہنس راج ‘‘ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے تعمیر کروایا تھا،انہوں نے کہا کہ تاریخی ہرن مینار میں جانوروں کو پانی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے یہاں ایک بہت بڑا تالاب بھی بنایا گیا تھا جسے مزید خوبصورت بنا دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ نے ہرن مینار میں تفریحی سہولتوں کی فراہمی کیلئے خطیر رقم خرچ کی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی سیر گاہ صوبائی دارالحکومت لاہور سے قریب ترین ہے، اس طرح لاہور اسلام آباد موٹروے سے قریب ہونے کی وجہ سے اب اس کی اہمیت میں اور اضافہ ہو چکا ہے، موٹروے پر سفر کرنے والے افراد اور فیملیز اس تاریخی سیرگاہ میں جانے کو ترجیح دیتے ہیں، مقصود ملک نے مزید کہا کہ ہرن مینار میں پارکنگ اور کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ سیر کیلئے آنے والے افراد کیلئے یہاں کشتی رانی اور لائٹس شوک کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے جبکہ یہاں پھولوں کے باغ نے ہرن مینار کی قدرتی خوبصورتی میں اضافہ کر رکھا ہے۔