اٹک ، چھچھ انٹر چینج کے قریب ٹریفک حادثہ، 8 افراد جاں بحق ، 7 زخمی

پیر 4 جون 2018 23:30

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) موٹروے پر چھچھ انٹر چینج کے قریب ٹریفک حادثہ، ٹرک نے مسافر وین کو پیچھے سے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں 8 افراد جھلس کر جاں بحق ، 7 زخمی ہو گئے ریسکیو 1122 عملہ کی فوری کاروائی کے سبب 6 افراد کو زندہ جل جانے سے بچا لیا گیا ، تفصیلات کے مطابق موٹروے چھچھ انٹر چینج کے قریب راولپنڈی سے پشاور جانے والے مسافر وین کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب راولپنڈی سے پشاور جانے والے ٹرک نے مسافر وین کو پیچھے سے ہٹ کیا جس کے نتیجے میں ہائی ایس کے پیچھے لگے ہوئے سلنڈر میں آگ بھڑک اٹھی، آگ سے جھلس کر8مسافرموقع پر دم توڑ گئے جبکہ6افرادشدید زخمی ہوگئے، اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، حادثہ کے نتیجے میں دو بچوں،دوخواتین اور چارمردوں سمیت 8افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 6 شدید زخمی ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں، ریسکیو1122 کے عملہ نے زخمیوں کوفوری طورپر ٹی ایچ کیو ہسپتال حضرو منتقل کر دیا ہے، زخمی ہونے والوں میں 10 سالہ سلیمان ولد ذوالفقار ، 16 سالہ محمد ولد اسلم ، 42 سالہ زردین ولد رحمن ولید ، 11 سالہ شاہ زیب ولد انور ، 5 سالہ شایان ولد ذوالفقار ، 40 سالہ محمد شیر ولی ولد لیاقت جن کا تعلق پشاور سے ہے اور مرنے والے تمام افراد کو شناخت کیلئے اسی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے ، موٹروے پولیس ، ہائی وے پولیس ، ریسکیو 1122 اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں ، جبکہ راولپنڈی پشاورشاہراہ کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریسکیو 1122 اٹک کی ایک گاڑی مریض کو لے کر اسلام آباد ہسپتال جارہی تھی جیسے ہی ایمبولینس چھچھ انٹر چینج کے قریب پہنچی تو اس حادثے میں گاڑی کے ڈرائیور قیصراورآی ایم ٹی آصف نے فوری کاروائی کرتے ہوئے 6افراد کو زندہ بچالیا ۔