عمران خان انتخابات 2018 میں نا اہل ہو جائیں گے ، حنیف عباسی کی تہلکہ خیز پیش گوئی

صحافی کتابیں لکھتے رہتے ہیں میں تو صرف سیاسی پیش گوئی کی تھی کہ کتاب 2018 انتخابات سے پہلے آئے گی ،رہنما مسلم لیگ ن

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر جون 20:58

عمران خان انتخابات 2018 میں نا اہل ہو جائیں گے ، حنیف عباسی کی تہلکہ خیز ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-04 جون 2018ء) :سابق وزیر و رہنما مسلم لیگ حنیف عباسی نے تہلکہ خیز پیش گوئی کی ہے کہ عمران خان انتخابات 2018 میں نا اہل ہو جائیں گے ۔۔ریحام خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ صحافی کتابیں لکھتے رہتے ہیں میں تو صرف سیاسی پیش گوئی کی تھی کہ کتاب 2018 انتخابات سے پہلے آئے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی کتاب اب تک کافی متنازعہ ہو چکی ہے ۔

عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے الیکشن سے پہلے اپنی کتاب منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کتاب میں نہ صرف ریحام خان کی زندگی کے نشیب و فراز شامل ہیں بلکہ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کتاب میں وہ بہت سے انکشافات بھی کریں گی۔

(جاری ہے)

کتاب انگریزی میں ہوگی جس کا اردو ترجمہ بھی شائع کیا جائے گا۔ تاہم ریحام خان کی کتاب منظر عام پر آنے سے پہلے ہی تنازع کا شکار ہو چکی ہے۔

اس کتاب سے منسوب سب سے بڑا تنازعہ یہ ہے کہ یہ کتاب سیاسی انتقام کی غرض سے لکھی گئی ہے اور اس کتاب کو مسلم لیگ ن کی ایما پر لکھا گیا ہے۔اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماوں کی جانب سے دئیے گئے بیانات کو بھی بنیاد بنایا گیا ہے جس میں انہوں نے بڑے وثوق سے کتاب کے اجرا کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔انہی میں سے ایک مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی ہیں جنہوں نے 2017 میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بڑے وثوق سے کہا تھا کہ اگر ریحام خان نے 2018 انتخابات سے پہلے ہی کوئی کتاب لکھ دی تو یہ لوگ کیا کریں گے۔

اسی بات پر جب آج نجی ٹی وی کے ایک شو میں ان سے سوال کیا گیا کہ وہ کس طرح اتنے وثوق سے کہہ چکے تھے کہ کتاب 2018 انتخابات سے پہلے آئے گی جس پر حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ اس کتاب کا انتخابات کے قریب آنا ہی پر اثر تھا اس کے علاوہ کوئی فائدہ نہیں ہونا تھا۔اس موقع پر حنیف عباسی نے یو ٹرن لیتے ہوئے کہا کہ میں سیاسی کارکن ہوں میرا کام سیاسی پیش گوئی کرنا ہے ،صحافی کتاب لکھتے رہتے ہیں میں نے تو محض پیش گوئی کی تھی کہ کتاب 2018 سے پہلے آئے گی ۔

جس پر میزبان نے کہا کہ آپ اگر سیاسی پیشگوئی کرتے ہیں توکوئی اور سیاسی پیش گوئی بھی کریں جس پر حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ٹھیک ہے میں ایک سیاسی پیش گوئی کر رہا ہوں یہ بات کان کھول کے سن لیں اور اس کو سنجیدگی سے لیجئیے گا، یہ مذاق نہیں ہے۔۔حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کے حوالے سے بڑی پیش گوئی کرتا ہوں کہ عمران خان 2018کے انتخابات میں نا اہل ہو جائیں گے۔