حکومت ملی تو نوجوانوں کو اچھی تعلیم اور روزگار دیں گے ملک میں گورننس سسٹم کو بہتر کریں گے اداروں کو بہتر کریں گے تو سرمایہ کاری آئے گی، عثمان ڈار

پیر 4 جون 2018 23:37

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عثما ن ڈار نے کہا کہ شہر اقبال کی غیور عوام نے کبھی مایوس نہیں کیا اور وہ وعدہ کرتے ہیں کہ خون کے آخری قطرے تک عوام کے لیے لڑیں گے۔کچھ لوگ ذاتی مفادات کے لئے سیاست میں آکر کارخانے اور دولت بناتے۔ کچھ لوگ سیاست میں انسانیت کی خدمت کے لئے آتے ہیں۔

ایسے لوگوں کو اللہ عزت سے نوازتا ہے۔ عوام بھی انہیں یاد رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار صوبا ئی اسمبلی چوہدری محمد اخلاق کی طرف سے پی ٹی آئی کے رہنما ئوں عمر ڈار اور عثما ن ڈار کے اعزاز میں دئیے گئے افطا ر ڈنرمیں شریک کارکنا ن سے خطا ب کرتے ہو ئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملی تو نوجوانوں کو اچھی تعلیم اور روزگار دیں گے۔

(جاری ہے)

ملک میں گورننس سسٹم کو بہتر کریں گے۔اداروں کو بہتر کریں گے تو سرمایہ کاری آئے گی۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے پاس بے شمار پیسہ ہے۔ سی پیک سے فائدہ گورننس کو ٹھیک کر کے اٹھایا جا سکتا ہے۔ نئے پاکستان میں عوام باشعور ہوں گے۔ عوام اپنا پیسہ چوری نہیں ہونے دیں گے۔ اگلا دور تحریک انصاف کا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے۔پاکستان تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔ اللہ نے موقع دیا تو یہ کر کے دکھاوں گا۔انہوں نے کہا کہ قرض عوام پر ٹیکس لگا کر واپس کئے جاتے ہیں۔ ٹیکسز سے ملک میں غربت بڑھتی ہے۔نئے پاکستان میں ہم شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں گے ۔