بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل کی سٹی اورلطیف آباد کے علاقوں میں کارروائی ،درجنوں تجاوزات تحویل میں لے لیں گئیں

پیر 4 جون 2018 23:41

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) بازاروں کے اطراف ٹریفک کی روانی کیلئے بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل کی سٹی اورلطیف آباد کے علاقوں میں کارروائی ،درجنوں تجاوزات تحویل میں لے لیں گئیں ، لطیف آباد اورسٹی کے بازاروں میں موٹرسائیکلوں کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ،سینئرڈائریکٹر لینڈ نے بازارو ں کے داخلی وخارجی راستوں پر پارکنگ ختم کرنے احکامات دے دئیے۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل نے انچارج توحیداحمد کی سرکردگی میں کلاتھ مارکیٹ،ریشم گلی ،شاہی بازار،نیاپل ،لطیف آباد یونٹ نمبر8کلاتھ مارکیٹ ،مدینہ مسجد یونٹ نمبر11سمیت ایک درجن سے زائد مقامات پر قائم بازاروں کے اطراف میں ٹریفک کی روانی کیلئے تجاوزات اورغیرقانونی پارکنگ اوررکشہ اسٹینڈز کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے درجنوں تجاوزات تحویل میں لے لیں ،اس موقع پر بعض قابضین کی جانب سے مزاحمت کی گئی جیسے موقع پر موجود پولیس نے ناکام بنادیا،جبکہ سینئرڈائریکٹر لینڈقمرشیخ نے سٹی اورلطیف آباد کے بازاروں کا دورہ کیا اورصورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بازاروں کے داخلی اورخارجی راستوں پر قائم پارکنگ اوررکشہ اسٹینڈ ختم کرنے کے احکامات دئیے ہیں ،اس موقع پر لطیف آباد انسدادتجاوزات سیل کے انچارج شکیل احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عید الفطر کے قریب آتے ہی ٹریفک کے مسائل میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہورہا ہے جنہیں حل کرنے کیلئے اینٹی انکروچمنٹ سیل متحرک ہے ،اس موقع پر بعض شہریوں اورتاجرتنظیموں کی جانب سے بازاروں میں آنے والے خریداروں سے غیرقانونی پارکنگ فیس وصول کرنے کی شکایت کی جس پر قمرشیخ کاکہنا ہے کہ پارکنگ فیس غیرقانونی طور پر وصول کی جارہی ہے جس کی اطلاع متعلقہ پولیس کو دی جائے ،کیونکہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے غیرقانونی پارکنگ ختم کرنے کے واضح احکامات موجود ہیں -