فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام آئین پاکستان کی تشکیل کے بعد سب سے بڑا واقعہ ہے،اس فیصلے سے فاٹا کے عوام کی زندگی میں انقلاب آ ئے گا، خواہش اور کوشش ہے کہ فاٹا کے علاقے میں بھی 25 جولائی کو ہی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہو ں تاکہ فاٹا کے ممبرانِ صوبائی اسمبلی کے پی کے میں پیکج پر عملدرآمد کیلئے بھرپور کردار ادا کریں

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کا فاٹا یوتھ جرگہ سے خطاب

پیر جون 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام آئین پاکستان کی تشکیل کے بعد سب سے بڑا واقعہ ہے،اس فیصلے سے فاٹا کے عوام کی زندگی میں انقلاب آ ئے گا، خواہش اور کوشش ہے کہ فاٹا کے علاقے میں بھی 25 جولائی کو ہی صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہو ں تاکہ فاٹا کے ممبرانِ صوبائی اسمبلی کے پی کے میں پیکج پر عملدرآمد کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

وہ پیر کو یہاں فاٹا یوتھ جرگہ سے خطاب کررہے تھے۔۔فاٹا یوتھ جرگہ کے اراکین سر پرست سلیم صافی،چیئرمین ریحان زیب اور صدر نظام الدین کی قیادت میں نواز شریف کا شکریہ ادا کرنے یہاں سابق وفاقی وزیر عباس آفریدی کی رہائشگاہ پر آئے تھے۔

(جاری ہے)

محمد نواز شریف نے جرگہ کے اراکین سے کہا کہ آپ نیا سفر شروع کر رہے ہیں۔آپ ووٹ سے محروم رہے ہیں اور ووٹ کی عزت اور اہمیت سے واقف ہیں۔

اس لئے مجھے یقین ہے کہ آپ حالیہ بلوچستان اسمبلی کے اراکین جیسا کردار بھی ادا نہیں کریں گے آپ یقیناً ایسا کردار ادا کریں گے جو پورے پاکستان کے لیے باعث تقلید ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت نہ دینے کی وجہ سے آج خطے کے کئی ملک پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں۔ہمارے جسم سے الگ ہونے والا بنگلہ دیش آج معاشی ترقی، تعلیم ،صنعت ہر شعبہ میں ہم سے آگے ہے۔

25 جولائی کو ہونے والے انتخابات بارے بین الاقوامی میڈیا قبل از انتخابات دھاندلی کی رپورٹیں دے رہاہے ۔ انتخابات کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج پاکستان کے مفادات اور آئین کی بالادستی کیلئے بے شمار مشکلات برداشت کر رہا ہوں۔انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ آئین کی بالادستی کو اپنی زندگی کا مشن بنالیں اسی میں ذاتی عزت اور ملکی مفادات کا تحفظ پوشیدہ ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلیم صافی نے فاٹا کے انضمام کے حوالے سے محمد نواز شریف،، مسلم لیگ ن کا اجتماعی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی،، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،، سرتاج عزیز اور بیرسٹر ظفراللہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے ساتھ فاٹا کے عوام کا عزت کا رشتہ ساری زندگی کے لئے ہے۔اس موقع پر جرگے کے چیئرمین ریحان زیب اور صدر نظام الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا مشن ہرحال میں آئین کی عملداری اور آئینی تسلسل ہے۔آئین پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ فاٹا یوتھ جرگہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے نوجوان ہیں لیکن اب وہ یوتھ جرگہ میں سیاسی وابستگیوں سے بلند ہوکر متحد ہیں۔