پاک بحریہ آلودگی کے خاتمے اور ماحول کو صاف بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ، ایڈمرل ظفر محمود عباسی

وطن کواور آئندہ آنیوالی نسلوں کو صاف ستھرا اور بہترین ماحول فراہم کرنے میںپاک بحریہ کا ساتھ دیں،نیول چیف کا ماحول کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 4 جون 2018 23:45

پاک بحریہ آلودگی کے خاتمے اور ماحول کو صاف بنانے کیلئے اپنا بھرپور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ ماحول کی اہمیت کو اُجاگر کرنے ، اس کی حفاظت کے متعلق آگہی کے فروغ اور لاحق خطرات کم کرنے کے طریقوں پر غور و فکر کے لئے ہر سال5جون کو ماحول کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس سال ماحول کے عالمی دن کیلئے ’پلا سٹک سے پھیلنے والی آلودگی کا خاتمہ‘کے موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اس سال کا موضوع حکومتوں، صنعتوں، معاشروں اور ہر ایک فرد سے تقاضا کرتا ہے کہ سب متحد ہو کر پلاسٹک کا نعم البدل تلاش کریں اور اس کے بے تحاشا استعمال اور پیداوار کو کم کریں جو ہمارے آس پاس کے ماحول کو پراگندہ کررہے ہیںاور زندگی کے لئے ضرر رساں اور انسانی صحت کیلئے ایک خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

ماحول کے عالمی دن 2018کے موقع پر پاک بحریہ کے سر براہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ماحول کی افادیت اُجاگر کرنے اوراس کی حفاظت کے متعلق آگہی پھیلانے کے لئے پاک بحریہ میںہر سال ماحول کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

کراچی بندر گاہ میںپیدا ہونے والی بحری آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کے ناطے پاک بحریہ نے آلودگی میں کمی لانے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں ۔ ان اقدامات کا دائرہ کار بندرگاہ سے ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے سے لے کر سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں کثیر تعداد میں مینگرووز اُگانے اور سرکاری و غیرسر کاری اداروں کو بحری آلودگی کے مضمرات کا ادراک دلانے تک پھیلا ہوا ہے۔

آگہی اہم ترین عوامل میں سے ایک ہے جس کے فروغ اور ماحول کی حفاظت و بقاکے سلسلے میں احساس ِذمہ داری کو ہر ایک فرد میں جاگزیں کرنے کے لئے فیلڈ کمانڈزکی سطح پر مختلف سر گرمیوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ طے شدہ سر گرمیوں کو کامیاب اور کار آمد بنانے کے لئے پاک بحریہ اپنی مخلصانہ کاوشوں کے ذریعے اس ملی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

آئیں اس دن ہم یہ عہد کریں کہ یہ ماحول جو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے کے محافظ بنیں ، یہ ہمارا خود پر اور آئندہ آنے والی نسلوں پر احسان ہو گا۔ میری ہم وطنوں سے گزارش ہے کہ خود کواور آئندہ آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا اور بہترین ماحول فراہم کرنے میںپاک بحریہ کا ساتھ دیں۔