فتح مکہ نے اسلام کا بھرپور کردار دنیا کے سامنے واضح کیا جو رہتی دنیا تک اسلام اقدار کی عکاسی کرتا ہے، سیف الاسلام

یوم بدر کے دن اصحاب رسول بغیر ساز وسامان اور تیاری کے کئی گنا بڑے لشکر کو شکست دی، اسامہ مصطفی اعظمی ملیر ٹائون پیغام رمضان کانفرنس وافطاری سے سیف الاسلام اسامہ مصطفی اعظمی، محمد غسان کا خطاب، طلبہ کے لئے افطار کا انتظام

پیر 4 جون 2018 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری سیف الاسلام نے کہا ہے کہ فتح مکہ کے موقع پر ماحول میں ہر طرف مسلمانوں کی فتح کا سما ں بن چکا تھا، کفار مکمل طور پر مایوس ہوچکے تھے، انہیں اپنی زیادتیاں، ظلم و ستم اور مسلمانوں سے رواں رکھے گئے سلوک یاد آرہے تھے، جس اسلام کی سب سے بڑی رکاوٹ مشرکین و کفار تھے آج وہ بے بس ہوچکے تھے،جب اسلامی لشکر پوری آب و تاب کے مکہ مکرمہ میں داخل ہواتو کائنات کے بادشاہ حضور علیہ السلام نے حکم فرمایا کہ جو آج ابو سفیان کے گھر میں پناہ لے گا، جو خانہ کعبہ میں پناہ لے گا اور جو اپنے گھر میں مقید ہوجائے گا اس کے لئے پناہ ہے، جو اپنی تلوار پھینک دے گا اس کے لئے عام معافی ہے،یہ اسلام کے بلند ترین کردار کی ایک جھلک تھی، مکہ مکرمہ کی سڑکوں پر کسی پر تلوار نہیں چلائی گئی تھی، کسی کے گھر کو نہیں لوٹا گیا تھا، کسی کی عورتوں اور بچوں کو غنیمت نہیں سمجھا گیا تھا، بلکہ جب حضور اکرم ﷺ خانہ کعبہ میں پہنچ گئے اور کفار جمع ہوئے تو حضورﷺ نے فرمایا کہ آج تم پر کوئی الزام نہیں ہے بلکہ آج سب کے لئے عام معافی ہے، مگر ایسے موقع پر بھی آپ ﷺ نے چند ایسے نام صحابہ کرا م کے سامنے رکھے کہ انہیں ہر صورت تلاش کر کے ہلاک کیا جائے جو کہ صریح گستاخ تھے، ملیر ٹائون کی جانب سے منعقدہ یوم فتح مکہ و یوم بدر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری سیف الاسلام نے کہا ہے کہ فتح مکہ نے اسلام کا بھرپور کردار دنیا کے سامنے واضح کیا جو رہتی دنیا تک اسلام اقدار کی عکاسی کرتا ہے، اختیار میں ہوتے ہوئے بھی بدترین دشمن کو معاف کرنے کی روایت صرف مسلم قوم کے پاس ہی ہے، ا نجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے ناظم اسامہ مصطفی اعظمی نے کہا ہے کہ یوم بدر کے دن اصحاب رسول بغیر ساز وسامان اور تیاری کے کئی گنا بڑے لشکر کو شکست دی،قرآن نے فرمایا کہ جنہوں نے اللہ کو رب مانا اور اس پر قائم رہے تو ان پر فرشتے نازل ہوتے ہیں، یوم بدر کے موقع پر آپ ﷺ براہ راست مسلمانوں کی کمان کر رہے تھے، جنگ سے پہلے ہی حضورﷺ نے کفار کی ہلاکت کے حوالے سے نشاندہی کردی تھی، جب حضور ﷺ نے صحابہ سے جنگ کے بارے میں دریافت کیا تو صحابہ کرام نے عرض کی کہ ہم آپ کو وہ جواب نہیں دینگے جو بنی اسرائیل نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو دیا تھا بلکہ ہم آپ کے ساتھ جنگ لڑیں گے اور جان نچھاور کریں گے،بدر کا معرکہ اسلامی تاریخ کا پہلا باقائدہ معرکہ تھاجس نے وقت کی دو سپر پاور روم اور ایران کی تباہی کی بنیاد رکھی تھی،انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے سیکرٹری اطلاعات سید صہیب نے کہا کہ کراچی ڈویژن کادوسرا مرکزی پروگرام رہائش گاہ مولانا عبدالمصطفی الازہری پر 9 جون کے دن منعقد ہوگا، پیغام رمضان کانفرنس سے محمد غسان اور محمد حسان نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ملیر ٹائون سے طلبہ، ہمدرد، ذمہ داران، کارکنان اور عوام الناس نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔