لاہور ہائیکورٹ ،فیس بک پر جعلی اکاؤنٹس کے عام انتخابات پر اثر انداز ہونے کے خدشے کے بارے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

منگل 5 جون 2018 00:05

لاہور۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے فیس بک پر جعلی اکاؤنٹس کے عام انتخابات پر اثر انداز ہونے کے خدشے کے بارے میں درخواست پر وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور چیئرمین پی ٹی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے مقامی وکیل شاہد جمال کی درخواست پر سماعت کی جو فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ کے بیان کو بنیاد بنا کر دائر کی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ مارک زکربرگ اپریل 2018 کو امریکی سینیٹ کمیٹی برائے کامرس، سائنس اور ٹرانسپورٹیشن کے سامنے پیش ہوئے اور یہ اعتراف کیا کہ جعلی فیس بک اکاؤنٹس پاکستان کے انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، درخواست گزار نے نکتہ اٹھایا کہ الیکشن کمیشن کی یہ ذمہ داری ہے کہ ملک میں شفاف انتخابات ہوں اور اس کیلئے اقدامات کرے ،درخواست گزار وکیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ عام انتخابات کے نتائج فیس بک پر جعلی اکاوئنٹس کی وجہ سے متاثر ہوسکتے ہیں اس لیے فیس بک کے جعلی اکاوئنٹس کیخلاف کارروائی کی جائے تاکہ شفاف اور غیرجابندانہ انتخابات جو یقینی بنایا جا سکے، درخواست گزار نے استدعا کی کہ وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو جمہوری رویوں کی ترویج کے لیے سوشل میڈیا ریگولیٹ کرنے کا حکم دیا جائے اور جعلی فیس بک اکاؤنٹس ختم کرنے والے کے لیے مارک زکربرگ سے رابطے کی ہدایت کی جائے۔