Live Updates

سندھ کے دو بڑے شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

کراچی اور حیدر آباد میں یوم علیؑ کے حوالے سے ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 4 جون 2018 22:24

سندھ کے دو بڑے شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جون 2018ء) :سندھ کے دو بڑے شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔ کراچی اور حیدر آباد میں یوم علیؑ کے حوالے سے ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 21 رمضان ہر سال دنیا بھر کی طرح پاکستان میں امیرالمومنین حضرت علیؑ کی شہادت کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔اس موقع پر پاکستان کے طول و عرض میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی مقررہ جگہوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوتے ہیں۔ہر سال کی طرح امسال بھی 21رمضان کو یوم علیؑ بھرپور مذہبی عقیدت سے منایا جائے گا۔اس حوالےسے کراچی اور حیدر آباد میں امن و اما ن کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دئ گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ سندھ نے یوم علیؓ 21 رمضان المبارک پر کراچی اور حیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی، پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

پابندی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لگائی گئی، محکمہ داخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی حیدرآباد کی سفارش پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری سے خواتین، بچے، بزرگ اور صحافی مستثنیٰ ہوں گے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کراچی میں سیکیورٹی کی صورتحال کی پیش نظر یہ پابندی لگائی گئی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے تاہم بچے بوڑھے ،خواتین اور مریض اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔

اس پابندی کا اطلاق صرف اور صرف 21رمضان المبارک تک ہے اور اس کے ساتھ ہی ختم ہو جائے گی۔شہریوں کی جانب سے اس اقدام کو قابل اطمینان قرار دیا جارہا ہے تو کچھ شہریوں کا یہ بھی موقف ہے کہ انتظامیہ کو عام شہریوں کو تکلیف میں ڈالنے کی بجائے اپنی سیکیورٹی پر توجہ دینا چاہیے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات