سندھ کے شہری لوگوں کو اپنا صوبہ مانگنا ہوگا، جنوبی سندھ کی تحریک بنانی ہوگی ،ْ فاروق ستار

پاکستان کے آئین میں اختیار اور وسائل کی تقسیم کا فارمولا موجود ہے ،ْ تقریب سے خطاب

پیر 4 جون 2018 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری لوگوں کو اپنا صوبہ مانگنا ہوگا، جنوبی سندھ کی تحریک بنانی ہوگی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کرنا ہوگا، ہم ریفرنڈم بھی کرائیں گے اور مزار قائد پر بیٹھ جائیں گے، بانی قائد کے مزار سے تب تک نہیں اٹھیں گے جب تک ہمارا حق پورا نہ ہو۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کردیا گیا ہے، داخلوں پر پابندی، پانی اور بجلی کے مسائل کو کیسے حل کیا جائیگا دستخطی مہم شروع کریں،جنوبی صوبہ آپ کا ہوگا۔رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہمیں ختم اور مٹانے کی کوشش کی گئی ،ْہم نے پاکستان بنایا اور اپنے حقوق کیلئے ایم کیو ایم بنائی۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا بدترین بلدیاتی نظام ہے، بلدیاتی نظام صرف دکھاوا اور خانہ پوری ہے، ہمیں دیکھنا ہے کہ ہمارے مسائل کا حل کیا ہے۔

پاکستان کے آئین میں اختیار اور وسائل کی تقسیم کا فارمولا موجود ہے۔پاکستان میں وفاقی اورصوبائی حکومت کے پاس اختیارات ہیں ہے، بلدیاتی نظام صرف دکھاوا اور خانہ پری ہے، بلدیہ ٹاؤن میں تین ماہ میں ایک بار پانی آتا ہے ،ْپانی کیلئے ذرائع تلاش نہ کیے گئے توساری چیزیں دھری رہ جائیں گے۔