امید ہے پاکستان بڑے سیاسی عمل باآسانی مکمل کر لے گا، چینی وزارت خارجہ

انتخابی عمل اور نتائج سے سدا بہار پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کی ترقی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ،ْترجمان کی بریفنگ

پیر 4 جون 2018 23:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) چینی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ امید ہے پاکستان بڑے سیاسی عمل بآسانی مکمل کر لے گا، انتخابی عمل اور نتائج سے سدا بہار پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کی ترقی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چھن اینگ نے معمول کی پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان کا انتخابی عمل پر امن اور ہموار طریقے سے سر انجام پائیگا ،ْ پاکستان سلجھا ہوا ملک ہے اور یہ اپنے سیاسی و انتخابی عمل کو بہتر طریقے اور آسانی سے پورا کر لے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل کے نتیجے میں کسی بھی سیاسی جماعت کی حکومت قائم ہو پاک چین تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ پاک چین تعلقات ان چیزوں سے بہت بلند اور گہرے ہیں۔

(جاری ہے)

ایران بارے سوال کا جواب دیتے انہو ںنے کہا کہ چین اور ایران مابین ہمیشہ سے اقتصادی و تجارتی تعلقات رہے ہیں اور رہیں گے۔ ایرانی ایٹمی مسئلے پر چین اور یورپی یونین جامع اور سنجیدہ پالیسی وضع کریں گے۔ ایرانی جوہری ڈیل پر تمام بڑی قوتوں کو ایک لائھہ عمل طے کرنا ہو گا۔ چین اس سلسلے میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔ترجمان نے چین اور بھارت تعلقات بارے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین کو بھارت کے رویے میں مثبت تبدیلی پر خوشی ہے۔