فلسطینیوں کی میسی سے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ فٹبال میچ نہ کھیلنے کی درخواست کر دی

70ننھے شائقین نے میسی کو خط لکھا ہے جس میں استدعا کی گئی کہ وہ اسرائیل کے ساتھ میچ کھیل کر دل نہ توڑیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 4 جون 2018 23:49

فلسطینیوں کی میسی سے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ فٹبال میچ نہ کھیلنے کی ..
بیت المقدس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-2018ء) :فلسطینیوں کی میسی سے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ فٹبال میچ نہ کھیلنے کی درخواست کر دی۔ 70ننھے شائقین نے میسی کو خط لکھا ہے جس میں استدعا کی گئی کہ وہ اسرائیل کے ساتھ میچ کھیل کر دل نہ توڑیں۔ارجنٹائنی سٹار میسی بڑوں میں ہی نہیں بچوں میں بھی مقبول ہیں۔ فٹبال ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان دوستانہ میچ نے فلسطینی بچوں کو اداس کر دیا۔

دونوں ٹیموں نے 9 جون کو مد مقابل ہونا ہے۔ فلسطینی بچوں نے اپنے خط میں فٹبال اسٹار لیونل میسی سے اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے ہمارے گھر گرا کر فٹبال اسٹیڈیم تعمیر کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مظالم سے ہمارے گھر کا کوئی فرد محفوظ نہیں ہے اس لیے لیونل میسی کو اسرائیل کے خلاف میچ کھیلنے سے منع کردینا چاہیے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب فلسطینی فٹبال بورڈ کے چیئرمین جبرائیل رجب نے ارجنٹائن کی ٹیم سے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ میچ منسوخ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لیونل میسی نے اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت کی تو فلسطینی مداح اور شائقین میسی کی تصاویر والی ٹی شرٹ کو آگ لگا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور میسی کو بھی نسل پرستانہ سوچ رکھنے والے ملک کا ساتھ دے کر اپنے شفاف کیریر کو داغدار نہیں کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ یروشلم کے جنوب میں اس مقام پر کھیلا جائے گا جو 70 برس پہلے عرب اسرائیل جنگ میں تباہ ہو گیا تھا۔