بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی کزن نے بھی سیاست کے میدان میں قدم رکھ لیا

شاہ رخ خان کی کزن پشاور سے عام انتخابات میں حصہ لیں گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 5 جون 2018 11:04

بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی کزن نے بھی سیاست کے میدان میں قدم رکھ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جون 2018ء) : عام انتخابات 2018ء کی آمد آمد ہے اور اس کے لیے سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ بھی جاری ہے ۔ عام انتخابات کے پیش نظر پاکستان میں موجود بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی کزن نے بھی سیاسی میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فلمسٹار شاہ رخ خان کی کزن  نور جہاں عرف منی صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑیں گی۔

نور جہاں کا کہنا ہے کہ اگر میں انتخابات میں کامیاب ہو گئی تو شاہ رخ خان میری کامیابی پر مجھ سے ملاقات کرنے ضرور آئیں گے۔ نور جہاں کا کہنا ہے کہ میں سیاست میں آ کر عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔ نور جہاں عام انتخابات 2018ء میں پشاور سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑیں گی۔نور جہاں کا کہنا تھا کہ اگر مجھ سے کسی سیاسی جماعت نے رابطہ کیا تو میں اس سیاسی جماعت کی طرف سے الیکشن لڑوں گی لیکن اگر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار نہ کی تو آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لوں گی۔

(جاری ہے)

نور جہاں نے مزید کہا کہ وہ پشاور کے حلقہ پی کے 77 سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑیں گی۔ یاد رہے کہ بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر پشاور میں رہائش پذیر ہیں، اس سے قبل نور جہاں خبروں کی زینت تب بنی تھیں جب شاہ رخ خان کی پشاوری چپل لے چرچے ہوئے تھے ، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نور جہاں نے کہا تھا کہ  میں نے خصوصی طور پر تیار کروائی گئی پشاور کی معروف پشاوری چپل شاہ رخ خان کو بھجھوائی تھی جو انہیں بے حد پسند آئی۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنے معروف فلم ''رئیس'' میں جو پشاوری چپلیں پہنی تھیں وہ بھی انہیں پشاور کی ایک مشہور دکان سے بنوا کر بھجوائی گئی تھی۔