مکی آرتھر کو پوری ٹیم کو کیوں کھانا کھلانا پڑا؟ جانئے

شاداب خان نے دورہ انگلینڈ میں سب کو غلط ثابت کیا :ہیڈ کو چ

منگل 5 جون 2018 11:08

مکی آرتھر کو پوری ٹیم کو کیوں کھانا کھلانا پڑا؟ جانئے
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 جون 2018 ء) لیڈز ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نوجوان آل راﺅنڈر شاداب خان سے شرط ہار گئے جس کے بعد ہیڈ کوچ کو پوری پاکستانی ٹیم کو کھانا کھلانا پڑ گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق برطانیہ آنے سے قبل مکی آرتھر نے شاداب خان کو کہا تھا کہ اپنی بیٹنگ کو مزید بہتر کرو جس پر شاداب خان نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ سے کہا کہ آپ فکر نہ کریں ،میں تین ٹیسٹ میچز میں تین نصف سنچریاں بناﺅں گا۔

مالاہائیڈ میں جب شاداب نے آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو پر 50 رنز کیے تو گراﺅنڈ سے مکی آرتھر کو اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ففٹی مکمل ہوگئی، پھر لارڈز ٹیسٹ میں دو انگلیوں کا اشارہ کیا اور جب لیڈز ٹیسٹ میں شاداب نے تیسری نصف سنچری بنائی تو شاداب نے انگلی کے اشارے سے تیسری نصف سنچری کا کہا اور فوراً دوسرا اشارہ کھانے کی جانب کیا۔

(جاری ہے)

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ شرط ہارنے کے بعد مجھے پوری ٹیم کو کھانا کھلا پڑا لیکن ایک نوجوان بیٹسمین کی جانب سے یہ کمٹمنٹ کمال کی تھی، شاداب نے جو کہا وہ کردیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر شاداب خان کو مستقبل کا ورلڈ کلاس آل راﺅنڈر سمجھتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس نوجوان نے دورہ انگلینڈ میں سب کو غلط ثابت کیا ہے۔مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول اس قدر اچھا ہے کہ مجھے اس پر رشک آتا ہے ہر کھلاڑی دوسرے کی مدد کررہا ہے، اس ٹیم میں اسد شفیق ایسا کھلاڑی ہے جو ذہنی طور پر سب سے مضبوط ہے اس کے بعد شاداب خان بہت مضبوط ہے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ اسد شفیق اس وقت بلاشبہ دنیا کے ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں، حارث سہیل کو انہوں نے آسٹریلیوی بلے باز عثمان خواجہ کے اسٹائل کا کرکٹر قرار دیا اور کہا کہ کئی بار حارث سہیل عثمان سے بھی بڑا بیٹسمین لگتا ہے۔