آرڈر 2018میں گلگت بلتستان میں اسمبلی کو قانون سازی کے اختیارات دیئے گئے ہیں،جعفرالله خان

منگل 5 جون 2018 11:59

استور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین بجٹ سیشن میں زیادہ سے زیادہ شورمچائیں گے اورواک آئوٹ کریں گے جبکہ حکومت اسمبلی میں کورم پوراکریگی اوربجٹ اجلاس بخوبی انجام کوپہنچایا جائے گا، اپوزیشن کو آرڈر2018کی کاپیاں مہیا کی گئی تھی اپوزیشن نے اگر آرڈر2018کو پڑھا نہیں ہے تو وہ آرڈر پر تنقید کیسے کرتے ہیں ۔

جعفر اللہ خان نے میڈ یا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آرڈر2018بہتری کی جانب ایک قدم ہے ہم اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں مل بیٹھ کر گلگت بلتستان کی بہتری کیلئے کام کریں انہوںنے کہا کہ آرڈر 2018میں گلگت بلتستان میں اسمبلی کو قانون سازی کے اختیارات دیئے گئے ہیں ،، شیڈول 5کے تحت وہ تمام اختیارات گلگت بلتستان کوحاصل ہیں جو دوسرے صوبوں کوحاصل ہیں آرڈر 2018کے تحت گلگت بلتستان کے شہریوں کو سپریم کورٹ آف پاکستان سمیت دوسرے تمام اعلیٰ عدالتوں تک رسائی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 51کے تحت گلگت بلتستان کے شہری پاکستان کے شہری ہیں اورگورنر گلگت بلتستان صرف گلگت بلتستان کا شہری ہی ہوگا ،آرڈر کے تحت نگراں حکومت نہیں ہوگی صوبائی حکومت انتخابات سے دو ماہ پہلے استعفیٰ دے گی جبکہ سپیکر اورالیکشن کمیشن نئی حکومت کیلئے الیکشن کروائیں گے۔