پریانکا چوپڑا کو’’کوانٹیکو ‘‘میں بھارتی دہشت گرد کا کردار دکھانا مہنگا پڑگیا

اداکارہ گزشتہ تین سالوں سے مشہور امریکی ٹیلی ویژن شو ’کوانٹیکو‘ میں ایف بی آئی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں

منگل 5 جون 2018 12:02

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا کو امریکن ٹیلی ویژن سیرن ’کوانٹیکو‘ میں بھارتی دہشت گرد کا کردار دکھانا مہنگا پڑگیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا گزشتہ تین سالوں سے مشہور امریکی ٹیلی ویژن شو ’کوانٹیکو‘ میں ایف بی آئی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں جسے اپنی کہانی کی بدولت خاصی مقبولیت بھی حاصل ہے جب کہ یکم جون کو نشر ہونے والی کوانٹیکو کی ایک قسط میں ایک بھارتی شہری کو مین ہٹن میں ایٹمی حملے کا منصوبہ بناتے ہوئے دکھایا گیا جس کا الزام بعد میں پاکستان پر عائد کرنا تھا۔

اس قسط کے نشر ہونے کے بعد پریانکا کے بھارتی مداح آگ بگولہ ہو گئے اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں اڈت کماڈیا نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوانٹیکو کی کیا احمقانہ قسط تھی جس میں بھارتی کو مین ہٹن کو اڑا کر پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب کہ میں یہ جاننے سے قاصر ہوں کہ اس احمقانہ قسط کا مقصد کیا تھا جو مکمل طور پر ایک نامعقول عمل ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ اس قسط ہندو شہری کے گرد گھومتی ہیجو بھارتی شہری ہوتا ہے جس کا کام حکومتی سرپرستی میں ایٹمی حملہ کرکے پاکستان پر الزام لگانا ہے جسے پریانکا ایف بی آئی کی ٹیم کے ہمراہ روکتی ہے۔نتیش کمار نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں حیران ہوں اگر پریانکا کو سشما سوراج کی اجازت سے ڈرامے کے ذریعے پروپیگنڈا کو پھیلانے کے لئے ویزا دیا گیا ہے تو اسے منسوخ کر دینا چاہئے۔واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا کو اپنے اس کامیاب ٹی وی شو کوائنٹیکو‘ کے لیے دو مرتبہ پیپلز چوائس ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔