حوثی باغیوں نے الحدیدہ میں شہریوں کو انسانی ڈھال بنا رکھا ہے،عرب اتحاد

الحدیدہ کے مغربی ساحلی محاذ سے پیش قدمی میں کوئی سست روی نہیں ہورہی ہے،ترجمان کی پریس کانفرنس

منگل 5 جون 2018 12:27

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) یمن میں آئینی حکومت کی رٹ بحال کرنے میں معاونت کرنے والے عرب فوجی اتحاد نے الزام عاید کیا ہے کہ حوثی باغیوں نے الحدیدہ میں شہریوں کو انسانی ڈھال بنا رکھا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے الریاض میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ کا کنٹرول سنھبالنے میں تاخیر کی وجہ شہریوں کو جانی نقصان سے بچانا ہے کیونکہ باغیوں نے الحدیدہ کی شہری آبادی کو انسانی ڈھال بنا رکھا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کرنل المالکی نے کہا کہ الحدیدہ کے مغربی ساحلی محاذ سے پیش قدمی میں کوئی سست روی نہیں ہورہی ہے۔ یمن کی سرکاری فوج شہر کے مرکز سے صرف نو کلو میٹر دور ہے۔ایک دوسرے سوال کے جواب میں عرب اتحادی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ شمالی شہر صعدہ اور جنوب میں الحدیدہ میں آئینی فوج تیزی کے ساتھ پیش قدمی کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الحدیدہ کے قبائل پر زور دیا کہ وہ باغیوں سے رابطے ختم کرتے ہوئے آئینی حکومت سے اور سرکاری فوج سے رابطے قائم کریں اور فوج کو شہر میں دخلے کے لیے سہولت مہیا کریں۔

کرنل پائلٹ ترکی المالکی نے کہا کہ ایک ہفتے سے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کوئی بیلسٹک میزائل نہیں داغا گیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حوثی باغیوں کی دفاعی صلاحیت پر کاری ضرب لگائی گئی ہے۔