Live Updates

ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو بھی نہ بخشا

ریحام خان کی کتاب میں پی ٹی آئی خواتین اور عمران خان کی ہمشیرہ کا بھی تذکرہ کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 5 جون 2018 12:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جون 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب نے گذشتہ کئی دنوں سے ایک طوفان برپا کر رکھا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ اپنی کتاب میں ریحام خان نے جہاں اپنے دونوں سابق خاوندوں کی کردار کشی کی ہے وہیں انہوں نے خواتین کو بھی نہیں بخشا۔ ریحام خان نے اپنی کتاب میں جہاں پی ٹی آئی کی خواتین اور خاتون صحافیوں پر الزامات عائد کیے وہیں انہوں نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو بھی نہیں بخشا۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ ریحام خان  نے اپنی کتاب میں پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس اور عظمیٰ کردار پر گھناؤںے الزامات عائد کیے ہیں اور کہا ہے کہ ان تمام  خواتین کے عمران خان کے ساتھ تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

ریحام خان نے کئی خاتون صحافیوں سے بھی عمران خان کے تعلقات ہونے کا دعویٰ کیا۔

اپنی کتاب میں ریحام خان نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سے متعلق لکھا کہ عمران خان علیمہ خان کا مذاق اُڑاتے تھے اور عمران خان مجھے کہتے تھے کہ علیمہ خان خود کو فاطمہ جناح سمجھتی ہے۔ ریحام خان نے کتاب میں دعویٰ کیا کہ علیمہ خان نے مجھے کہا کہ ہم عمران خان کو اپنا بھائی نہیں سمجھتے ، ہمارے لیے وہ ایک شخص ہیں جن سے ہم اپنا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان کے بیٹے قاسم پر منشیات کے استعمال کا بھی الزام عائد کیا۔  واضح رہے کہ ریحام خان کی کتاب کا مسودہ لیک ہونے پر میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا ہے جس کی وجہ ریحام خان کے اپنی کتاب میں عمران خان اور قریبی ساتھیوں پر عائد کیے جانے والے الزامات ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات