متحدہ عرب امارات: شہری پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر دُکھی ہو گئے

دُور دراز کے علاقوں میں روزانہ سفر کرنے والوں کا ماہانہ بجٹ متاثر

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 5 جون 2018 12:35

متحدہ عرب امارات: شہری پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر دُکھی ہو گئے
دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 5 جُون 2018ء) تیل کی بڑھتی ہوئی قیمت اور اس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ نے عرب امارات کے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے۔ اس معاملے میں خاص طور پر وہ شہری زیادہ دُکھی نظر آتے ہیں جنہیں ہر روز ملازمت یا کاروبار کے سلسلے میں دُور دراز کے علاقوں کا رُخ کرنا پڑتا ہے۔ شارجہ کے رہائشی حسن عارف جو ملازمت کے سلسلے میں ہر روز دُبئی جاتا ہے‘ اس کا کہنا ہے کہ اُس کے لیے اپنی کار کی پٹرول ٹینکی بھروانا بہت مہنگا ثابت ہو رہا ہے۔

’’ آج سے چھے مہینے پہلے میں 100 اماراتی درہم سے بھی کم میں کار کی ٹینکی فُل کروا لیتا تھا جبکہ اب مجھے 120درہم سے زائد کی رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔مجھے ہر روز دوبئی روزگار کے سلسلے میں جانا پڑتا ہے‘ اور میری کار کا فیول دو ہفتے ہی چل پاتا ہے‘ وہ بھی اس صورت میں اگر میں صرف اپنے کام پر جاؤں اور وہاں سے سیدھا گھر واپس آ جاؤں۔

(جاری ہے)

اگر میں ویک اینڈ منانے یا کسی لمبی ڈرائیو پر جاؤں تو پھر فیول ٹینک دس دِن ہی ساتھ دے پاتا ہے۔

‘‘دوبئی میں مقیم ایک پاکستانی شہری رضوان خان جسے کام کے سلسلے میں روزانہ دوبئی میڈیا سِٹی جانا ہوتا ہے‘ کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں بھی تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا تو اُس جیسے اور بہت سے لوگ اپنی کار کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے کو ترجیح دیں گے۔اُس کے مطابق اُس کا فیول کا ماہانہ خرچہ بہت بڑھ گیا ہے۔ پہلے اُس کا فیول پر 70 سے 75 اماراتی درہم کا خرچہ آتا تھا جو اب 100درہم سے تجاوز کر گیا ہے۔

’’یہ اچھی بات ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ نہیں کیا گیا‘ اگر ایسا ہو جاتا تو پھر فیول کی مد میں ہزاروں خرچنے والوں پر پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنا بھی مہنگا سودا بن جاتا ہے۔ اُمید ہے کہ آنے والے وقت میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو مِلی گی۔‘‘اس نے مزید کہا۔