پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل خواتین کھلاڑیوں کیلئے 30جون کو ایبٹ آباد میں تربیتی کیمپ لگائے گی

منگل 5 جون 2018 12:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ پی بی سی سی نے ملک میں خواتین کھلاڑیوں کے فروغ اور بہتری کیلئے پہلی مرتبہ 30جون کو ایبٹ آباد میں تربیتی کیمپ لگائے گی۔خواتین کھلاڑیوں کا پہلا بین الاقومی ایونٹ رواں سال پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ نیپال کی خواتین ٹیم رواں سال پاکستان کے دورے پر آئے گی اس حوالے سے ان کے ساتھ سیریز کے حوالے سے بات چیت ہو چکی ہے۔

کونسل نے خواتین کھلاڑیوں کی جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کے لئے نفیس احمد کو ہیڈ کوچ نامزد کیا ہے وہ کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں بہترین اور اعلیٰ معیار کی تربیت دیں گے۔منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل اور نیپال بلائنڈ کرکٹ کونسل کے درمیان معاہدہ طے پایا گیا ہے نیپال کی بلائنڈ خواتین کرکٹ ٹیم رواں سال پاکستان کے دورے پر آئے گی۔

(جاری ہے)

سید سلطان شاہ نے بتایا کہ نیپال کے بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین میجر پاون گیمرے اور پی بی سی سی کے چیئرمین کے درمیان دورے کے حوالے سے بات چیت ہوچکی ہے۔ نیپال کی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم رواں سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اپنے دورے کے ساتھ وہ پاکستان بلائنڈ خواتین کے ساتھ 5 ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان میچوں کی سیریز پاکستان کے مختلف شہروں میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ قومی خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 30 جون سے 5 جولائی تک ایبٹ آباد میں لگایا جائے گا۔ تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 25 سے 30 خواتین کھلاڑی آفیشلز شرکت کریں گے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے قومی بلائنڈ خواتین کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے سابق کوچ نفیس احمد کو قومی خواتین کھلاڑیوں کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔ وہ کھلاڑیوں کو ایبٹ آباد میں جدید اور اعلی معیار کی تربیت دیں گے۔ واضح رہے کہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ نفیس احمد کی کوچنگ میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سال 2002ء اور 2006ء کے عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ میں کامیابی حاصل کی تھی جس کی وجہ سے انہیں قومی خواتین کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :