6رکنی نگران کابینہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر ممنون حسین نے حلف لیا ‘نگران کابینہ کا حلف اٹھانے والوں میں 2 خواتین بھی شامل علی ظفر وزیر قانون‘ شمشاد اختر وزیر خزانہ‘ عبداللہ حسین ہارون وزیرخارجہ ہوں گے‘دیگر اراکین میں روشن خورشید برونچا‘ اعظم خان اور محمد یوسف شیخ شامل ہیں

منگل 5 جون 2018 12:45

6رکنی نگران کابینہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصرالملک کی 6رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا‘ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین نے نگران کابینہ سے حلف لیا ‘نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک بھی تقریب میں موجود تھے۔ نگران کابینہ کا حلف اٹھانے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، علی ظفر وزیر قانون‘ شمشاد اختر وزیر خزانہ‘ عبداللہ حسین ہارون وزیرخارجہ ہوں گے۔

کابینہ کے دیگر اراکین میں روشن خورشید برونچا‘ اعظم خان اور محمد یوسف شیخ شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کو نگران کابینہ نے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدرِ مملکت ممنون حسین نے نگراں کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔اس تقریب میں نگراں وزیرِاعظم جسٹس (ر)ناصر الملک سمیت سبکدوش پارلیمنٹ کے معزز اراکین، مسلح افواج کے سربراہان، ججز اور دیگر اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق 6 رکنی کابینہ میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، علی ظفر وزیر قانون‘ شمشاد اختر وزیر خزانہ‘ عبداللہ حسین ہارون وزیرخارجہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصرالملک نے یکم جون کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا جو 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات 2018 کے انعقاد کے پابند ہیں۔ یاد رہے حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ طور پر سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو نگران وزیراعظم نامزد کیا۔ جسٹس ناصر الملک کا تعلق پاکستان کے شمالی مغربی صوبے خیبر پختونخواہ سے ہے اور وہ 17 اگست 1950 کو سوات میں پیدا ہوئے۔ اٴْنھیں 1993 میں صوبہ خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا گیا اور 1994 میں اٴْنھیں پشاور ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔