حکومتی امور چلانے کے لیے نگراں وفاقی کابینہ کے 6 اراکین نے حلف اٹھالیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 5 جون 2018 13:59

حکومتی امور چلانے کے لیے نگراں وفاقی کابینہ کے 6 اراکین نے حلف اٹھالیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 جون۔2018ء) نگراں حکومت کے دوران حکومتی امور چلانے کے لیے نگراں وفاقی کابینہ کے 6 اراکین نے حلف اٹھالیا ہے۔حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں ہوئی جہاں صدرِ مملکت ممنون حسین نے نگراں کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔ تقریب میں نگراں وزیرِاعظم جسٹس (ر) ناصر المک سمیت اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی۔

نگراں وفاقی کابینہ میں محمد اعظم خان، اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر عبداللہ حسین ہارون، محمد یوسف شیخ، مسز روشن خورشید، سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر شمشاد اختر اور بیرسٹر سید علی ظفر شامل ہیں۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ عبداللہ حسین ہارون کو وزارتِ خارجہ، ڈاکٹر شمشاد اختر کو وزارتِ خزانہ اور سید علی ظفر کو وزارتِ قانون کا قلمبدان سونپا جائے گا۔

(جاری ہے)

عبداللہ حسین ہارون اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مندوب تعینات رہے ہیں، انہوں نے 2008 سے 2012 تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔بیرسٹر سید علی ظفر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے سابق صدر رہ چکے ہیں۔ڈاکٹر شمشاد اختر سابق گورنر اسٹیٹ بینک ہیں جنہوں نے 2006 میں 14ویں گورنر کا عہدہ سنبھالا، اور تین سال تک اس عہدے پر فائز رہیں۔6 رکنی نگراں وفاقی کابینہ میں شامل وفاقی بیرسٹرعلی ظفرماہرقانون اورممتازماہرقانون ایس ایم ظفرکے صاحبزادے ہیں‘، محمد یوسف شیخ ماہر تعلیم ہیں، روشن خورشید بروچہ کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

محمداعظم خان چیف سیکرٹری پختون خوا کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔اس سے قبل نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک یکم جون کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا چکے ہیں ، وہ اور ان کی کابینہ 25 جولائی 2018ءکو اپنی نگرانی میں عام انتخابات کرائے گی۔