Live Updates

نگران وزیراعلیٰ پرعمران خان کے یوٹرن انکی ناہلی کا ثبوت ،

انکا اناڑی پن انہیں انتخابات میں شکست دینے کیلئے کافی ہے ‘ احسن اقبال

منگل 5 جون 2018 14:11

نگران وزیراعلیٰ پرعمران خان کے یوٹرن انکی ناہلی کا ثبوت ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلی کے حوالے سے عمران خان کے یوٹرن ان کی ناہلی اور اناڑی پن کا ثبوت ہیں لہٰذا وہ ثابت کرچکے کہ ملک کی قیادت کے اہل نہیں ہیں، اگلا الیکشن نعروں کا نہیں کارکردگی ،تسلسل کا ہوگا، اگر کوئی اناڑی آگیا تو ترقی کے عمل کو رول بیک کردے گا،عمران خان اور ریحام خان کے آپس کے معاملات سے ہمارا کیا لینا دینا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال نے ریحام خان سے متعلق سوال پر کہا کہ ریحام نے مجھ سے پوچھ کر شادی تو نہیں کی تھی، عمران اور ریحام کے آپس کے معاملات ہیں ہمارا کیا لینا دینا ہے، ہر غیر ضروری بات کا نوٹس لے کر اسے اجاگر کرنے کی ضرورت نہیں، جو بھی مناسب ہوگا کارروائی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی، ناقص کارکردگی اور اناڑی پن کے مظاہرے 3 دن میں سامنے آگئے، نگران وزیراعلی کے حوالے سے عمران خان کے یوٹرن ان کی ناہلی اور اناڑی پن کا ثبوت ہیں، عمران ثابت کرچکے کہ ملک کی قیادت کے اہل نہیں ہیں، ان کا اناڑی پن انہیں انتخابات میں شکست دینے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی 3 بڑی جماعتوں کی کارکردگی کے لیے ایک دن کراچی، لاہور اور پشاور میں قیام کرکے دیکھ لیا جائے، ایک دن ان شہروں میں قیام سے پتا چل جائے گا کون سی جماعت ملک کوترقی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورا پشاور شہر کھنڈر اور کراچی گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے، پنجاب اور لاہور کی ترقی کو دنیا سراہتی ہے، الیکشن میں خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے عوام بھی (ن) لیگ کو ووٹ دیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ اگلا الیکشن نعروں کا نہیں بلکہ کارکردگی اور تسلسل کا ہوگا، پاکستان کو تسلسل کی ضرورت ہے، ہم نے جو منصوبے شروع کیے انہیں مکمل کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے سی پیک کی بنیاد رکھی ہے، اسی کی بنیاد پر عمارت کھڑی رہنے کی ضرورت ہے، خدانخواستہ کوئی تبدیلی ہوگی تو اربوں ڈالرکے ترقیاتی منصوبے رک جائیں گے، اگر کوئی اناڑی آگیا تو ترقی کے عمل کو رول بیک کردے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات