Live Updates

ریحام خان کیخلاف عدالت نے سخت ایکشن لے لیا

ریحام خان کی کتاب کی رونمائی کے خلاف حکم امتناع جاری، دائر درخواست پر ریحام خان، حسین حقانی اور پیمرا سے 9 جون جواب طلب ، عمران خان کے کردار پر کیچڑ اچھال کر الیکشن سبوتاژ کیے جانے کا خطرہ ہے ،ْدرخواست گزار

منگل 5 جون 2018 14:11

ریحام خان کیخلاف عدالت نے سخت ایکشن لے لیا
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) ملتان کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور اینکر پرسن ریحام خان کی تحریر کردہ کتاب کی رونمائی کے خلاف دائر درخواست پر حکم امتناع جاری کردیا۔ملتان کے سول جج نے دائر درخواست پر ریحام خان، حسین حقانی اور پاکستان الیکٹرنک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے 9 جون کو جواب طلب کرلیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق درخواست گزار غلام مصطفی نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ کتاب کی اشاعت مبینہ طور پر حقائق کے خلاف ہے۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی چیئرمین کی شخصیت کو تباہ کرنے کیلئے کتاب پبلش کی گئی۔درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے کردار پر کیچڑ اچھال کر الیکشن سبوتاژ کیے جانے کا خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کتاب غیرملکی ایجنڈے پر مبنی ہے اور عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کے وقت کتاب کی رونمائی کو روکا جائے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سابق سفیر حسین حقانی مسلم لیگ (ن) کی مدد سے کتاب کے ذریعے اداروں کے وقار کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔گزشتہ دنوں ریحام خان کی کتاب نے منظر عام پر آنے سے قبل ہی ملک کی سیاست اور خاص طور پر پی ٹی آئی کی صفوں میں ہل چل مچادی دی تھی۔پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ریحام خان کہاں، کب اور کس سے ملیں، یہ ساری کہانی اب سامنے آچکی ہے، ان کا دعویٰ تھا کہ ریحام خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی اور اس ملاقات کا اہتمام احسن اقبال نے کرایا تھا۔

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف کا مقصد ملک کی حقیقی اپوزیشن کو نقصان پہنچانا ہے اس کے جواب میں احسن اقبال نے ٹوئٹ کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اپنے دفاع کے لیے جعلی ای میل کا ڈرامہ ایک شرمناک عمل ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ انٹرویو کے علاوہ ریحام خان سے کبھی نہیں ملے۔انہوں نے کہا کہ یہ انٹرویو بھی عمران خان اور ریحام خان کی شادی سے قبل ہوا اور سابق میاں بیوی کے معاملات میں انہیں مت گھسیٹا جائے۔بعد ازاں حمزا علی عباسی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے ریحام خان کی آنے والی کتاب کا متن پڑھا ہے، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو دنیا کا سب سے برا شخص قرار دیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات