عوامی خدمت کی روش ہم نے ڈالی، ترقیاتی ایجنڈے کو پورا کرنے کیلئے شب و روز محنت کی ‘پرویز ملک

سیاسی مخالفین نے اپنے صوبوں کے عوام کو دکھ دئیے اور انکے دلوں پر بدترین کارکردگی کے نشتر برسائے‘ خواجہ عمران نذیر

منگل جون 14:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر وسابق وفاقی وزیر محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کی روش لیگی حکومت نے ہی ڈالی جو کہ دیگر سیاستدانوں کے لئے ایک نمونہ ہے،مسلم لیگ (ن) نے عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے شب و روز محنت کی۔ ترقیاتی ایجنڈا کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حلقوں میں کارنر میٹنگز میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرارکان اسمبلی غزالی سلیم بٹ،چوہدری شہباز، سید توصیف شاہ،عامر خان،جاوید اقبال ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے 11 نکات کے مقابلے میں ڈیڑھ سو سے زائد میگا پراجیکٹ اور دیگرقیاتی منصوبے پانچ سال کے قلیل عرصہ میں مکمل کئے، ہمارے سیاسی مخالفین نے اپنے صوبوںکے عوام کو صرف دکھ دئیے ہیں اور ان کے دلوں پر مایوسی اور بدترین کارکردگی کے نشتر برسائے ہیں،کے پی کے میں بربادی کی داستانیں چھوڑ کر اب وفاق کو تباہ کرنے کا100دن کا ایجنڈا دیا جارہا ہے اور قوم کو نئے خواب دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

قوم دھوکہ دینے والے سیاستدانوں کے جھوٹ اور فراڈ میں نہیں آئے گی،ان کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ میری مخالفین سے درخواست ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں۔ یہاں آئیں ہم آپ کو عوام کی خدمت کے گر بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ٹھوس معاشی پالیسیوںکے باعث ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا،بجلی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے ہمیشہ کیلئے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہونے کو ہے۔ توانائی بحران کے خاتمے سے پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہوگا اورملک سے غربت، جہالت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا،مسلم لیگ (ن) حکومت کی توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کاوشیں رنگ لائی ہیں اور ہزاروں میگاواٹ توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اندھیروں سے نکل کر روشنیوں میں آ گیا۔