الائی بیاری خوڑ میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کی4 بچے ڈوب کر جاں بحق

منگل جون 15:20

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2018ء) الائی بیاری خوڑ میں نہاتے ہوئے بہن اور بھائی سمیت ایک ہی خاندان کے چار بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، طویل جدوجہد کے بعد نعشیں پانی سےل نکال کر ورثاء کے حوالہ کر دی گئیں، چھوٹے بچے شدید گرمی کے باعث نہانے کیلئے خوڑ گئے تھے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں الائی پولیس اور مقامی افراد نے میڈیا کو بتایا کہ تحصیل الائی کے علاقہ بیاری سے تعلق رکھنے والے کمسن بچے ارسلان ولد بخت تواب، سلمہ دختر بخت تواب، آمنہ دختر منہاج اور حسینہ دختر نواب نہانے کیلئے بیاری خوڑ گئے تھے جہاں پر نہانے کے دوران پانی میں ڈوب گئے۔

مقامی لوگوں نے انہیں نکالنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے۔ طویل جدوجہد کے بعد چاروں نعشیں پانی سے باہر نکال لی گئی اور انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال الائی منتقل کر دیا اور ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالہ کر دی گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ ایک ہی خاندان کے چار بچوں کی نعشیں گھر میں داخل ہوتے ہی رشتہ داروں پر بے ہوشی کے دورے پڑنے لگے۔ جاں بحق بچوں میں ایک بہن بھائی جبکہ دیگر ان کے کزن ہیں۔