ہری پور کے علاقہ پھرہالہ میں دوستوں نے نوجوان کو اغواء کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا

منگل جون 15:20

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون2018ء) ہری پور کے علاقہ پھرہالہ میں 35 سالہ نوجوان قاضی ثاقب کو اغواء کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔دو روز قبل قاضی ثاقب ولد قاضی قادر سکنہ مانکرائے جو اسلام آباد میں ملازمت کرتا ہے، روزے کا وقت گذارنے کیلئے موٹر سائیکل پر اپنے دوستوں سہیل اور منیب پسران عبدالرحمن سکنہ پھرہالہ سے ملنے گیا اور رات گئے واپس نہیں آیا جسے متعدد کالز بھی کی گئیں مگر اس کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

مقتول کے اہلخانہ اس کے دوستوں کے گھر گئے تو قاضی ثاقب کا موٹر سائیکل ان کے گھر کے باہر کھڑا تھا، دوستوں کا پتہ کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ بھی گھر پر موجود نہیں اور موبائلز بھی ان کے بند آ رہے ہیں۔ مغوی کے بھائی نے تھانہ صدر پولیس میں تحریری درخواست دی جس پر پولیس نے موبائل ڈیٹا نکلوا کر اس پر مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کیا۔ اسی دوران مغوی کی نعش پھرہالہ محلہ عباسی آباد کے ویرانے سے برآمد ہوئی جس کے جسم پر گولیوں کے نشانات تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ آئی اور نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی جبکہ سہیل اور منیب کے اہلخانہ گھر کو تالے لگا کر فرار ہو گئے۔