کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے قربانیاں پیش کر رہے ہیں، مختار وازہ

منگل 5 جون 2018 15:25

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماء اور جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے کہاہے کہ کشمیر عالمی سطح پرتسلیم شدہ تنازعہ ہے اور کشمیری مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور باوقارحل کیلئے قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مختار وازہ نے اسلام آباد کے علاقے عشمقام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت اپنی فوجی طاقت اور کٹھ پتلی آلہ کاروں کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں کرسکتا کیونکہ عالمی برادری نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے ذریعے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کو تسلیم کر رکھا ہے۔

مختار وازہ نے اس موقع پر کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا ۔ ان کے ہمراہ نثار احمد راتھ ، فیاض احمد اور بشیر احمد بھی موجود تھے ۔