یوم شہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت

منگل 5 جون 2018 15:25

فیصل آباد۔5 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) محکمہ داخلہ پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے کل 21 رمضان المبارک حضرت علی ؓ کے یوم شہادت کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سی سی پی او، تمام ریجنل پولیس آفیسرز ، سٹی پولیس آفیسرز، رینج ڈی آئی جیز ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کے نام جاری کئے گئے ایک مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ 21رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر مساجد ، امام بارگاہوں، حساس مقامات سمیت مجالس اور دیگر تعزیتی تقریبات کو بھر پور سکیورٹی کور فراہم کیا جائے ۔

حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے بھر پور انتظامات کیساتھ مذہبی ہم آہنگی ، فرقہ واریت کے خاتمہ ، اخوت و یگانگت اور بھائی چارے کی فضاء کے فروغ کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نفرت آمیز مواد کی تیاری وتقسیم اور اشتعال انگیز تقاریر کے مرتکب افراد کیخلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے ،مراسلہ میں لائوڈ سپیکر کے ناجائز استعمال پر عائد پابندی پر بھی سختی سے عملد ر آمد کروانے کا حکم دیا گیا ہے ۔