نگران وزیراعظم کی وزارت توانائی کو لائن لاسزروکنے کیلئے بھرپو اقدامات کی ہدایت

ڈسکوز کو بڑے نقصانات کا سامنا ہے، اسکے لئے وزارت توانائی کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے، وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو تمام تکنیکی معاونت فراہم کرے گی تا کہ توانائی کے شعبہ میں صارفین کی طلب و رسدکو بہتر کیا جاسکے نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک کی اجلاس میں گفتگو

منگل 5 جون 2018 15:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس(ر) ناصر الملک نے وزارت توانائی کو ہدایت کی ہے کہ لائن لاسز کوروکنے کیلئے بھرپو اقدامات کئے جائیں تا کہ توانائی کے شعبہ کی کارکردگی کو بہتر اور پائیدار بنایا جا سکے۔ منگل کو نگران وزیراعظم نے ملک میں توانائی کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے نگران وزیراعظم کوبجلی کی صورتحال، توانائی کی پیداوار اور ترسیل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری پاور ڈویژن نے وزیراعظم کو توانائی کے شعبہ میں بجلی کی پیداوار، ٹرانسمیشن اور بجلی کی تقسیم کے حوالے سے آگاہ کیا۔نگران وزیراعظم کوملک بھر میں بجلی کی طلب کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، نگران وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ 2013میں بجلی کی پیداواری صلاحیت18753میگاواٹ تھی جو کہ آج 28704میگاواٹ ہے، وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ موسم کی صورتحال اور پانی کی فراہمی میں کمی کے باعث مئی کے مہینے میں ہائیڈل ذرائع سے 3090میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جو کہ 2015میں 6333میگاواٹ تھی۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ لوڈمینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کی منظوری وفاقی کابینہ نے ماہ رمضان کیلئے دی تھی۔ نگران وزیراعظم نے بجلی چوری اور لائن لاسز کے حوالے سے انتظامی اور تکنیکی معاملات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکوز کو بڑے نقصانات کا سامنا ہے، جس کے لئے وزارت توانائی کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کو تمام تکنیکی معاونت فراہم کرے گی تا کہ توانائی کے شعبہ میں صارفین کی طلب و رسدکو بہتر کیا جاسکے۔