سندھ ہائیکورٹ ، فریال تالپور سمیت پاکستان پیپلزپارٹی کے دیگر رہنمائوں کے اقامے اور انتخابات کے لیے نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت12جون تک ملتوی

منگل 5 جون 2018 15:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) سندھ ہائیکورٹ نے فریال تالپور سمیت پاکستان پیپلزپارٹی کے دیگر رہنمائوں کے اقامے اور انتخابات کے لیے نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت 12 جون تک ملتوی کردی، منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں فریال تالپور،سابق صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، منظور وسان، سہیل انور سیال، سردار نواب غیبی چانڈیو کے اقامے سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہرنے کہاکہ خواجہ آصف کیس کا فیصلہ آنے کے بعد آپ کے کیس کی کیا پوزیشن ہے درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ خواجہ آصف کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا گیا تھا ، ہمارا کیس اقامے سے متعلق ہے، نواب غیبی چانڈیو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کو چھپایا، نواب غیبی کے وکیل نے کہاکہ نواب غیئبی اب رکن اسمبلی نہیں رہے، درخواست قابل سماعت نہیں ،اگر کسی رکن اسمبلی کے خلاف کوئی شکایت ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنا چاہیے۔

عدالت نے کہاکہ وکلا سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں بحث کی تیاری کرکے آئیں،عدالت نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے سے متعلق بھی دلائل طلب کیئے عدالت نے حکم امتناع کی درخواستیں واپس لینے پر خارج کرتے ہوئے سماعت 12 جون تک ملتوی کردی