شہر میں اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کو سخت بناتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کے انسداد کو یقینی بنایا جائے، آئی جی پولیس

منگل 5 جون 2018 15:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے رمضان المبارک کے تیسرے عشرے میں باالخصوص یوم علیؓ سمیت طاق راتوں/شب قدر،محافل شبینہ اور وعظ کے موقع پر کراچی پولیس کی جانب سے اختیار کردہ حکمت عملی اور لائحہ عمل پر مشتمل رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور مزید ضروری احکامات دیئے ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ اسنیپ چیکنگ کے پیٹرن کوتبدیل کیا جائے اور تمام پوائنٹس پر رینجرز کے ساتھ ملکر مشترکہ اسنیپ چیکنگ جیسے اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے عشرے کے مخصوص ایام بشمول شہادت حضرت علی،ؓ طاق راتوں، جمعتہ الوداع/یوم القدس کی مناسبت سے تمام مساجد، امام بارگاہوں ودیگر کھلے مقامات پر پولیس افسران اور جوانوں کی ڈپلائمنٹ کو نمایاں رکھا جائے اور انکے درمیان روابط کے جملہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو ہرسطح پر ممکن بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام شاپنگ سینٹرز پر شب نو بجے تا مارکیٹوں کے بند ہونے تک تمام ایس ایس پیز اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں گے اور سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے مرکزی مارکیٹوں کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران سے روابط کو بھی مربوط بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی شاپنگ سینٹرز کی عمارتوں سمیت مارکیٹوں میں قائم پولیس کے عارضی رپورٹنگ سینٹرز پرمخصوص ریوالونگ لائٹس لازماًنمایاں کریں تاک شہریوں میں احساس تحفظ کو اجاگر کیا جاسکے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے جملہ امور کو انتہائی ٹھوس اور مؤثر بنایا جائے اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر گروہوں اور انکے سرپرستوں کی باقاعدہ نشاندہی کرتے ہوئے بھرپور اور منظم کریک ڈاؤن کو یقینی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ تیسرے عشرے کے آغاز کی شب سے ہی تمام مضافاتی علاقوں ممکنہ حساس علاقوں میں ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن نظام کو مزید تقویت دی جائے اور کسی بھی اطلاع کی شیئرنگ اور بروقت فالو کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔

کراچی پولیس کی رپورٹ کے مطابق تینوں زونز میں تیسرے عشرے کے نماز تراویح مقامات پر19356، شاپنگ سینٹرز عیدبازار پر 3154،پولیس افسران اور جوان سیکیورٹی فرائض انجام دینگے ۔جبکہ مجموعی طور پر750پولیس موبائلزاور 823موٹرسائیکل سوار افسران اور جوان پیٹرولنگ کے جملہ اقدامات کو مؤثر اور مربوط بنائیں گے ۔