حالیہ لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار نگران حکومت ہے،

ہمارے دور میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا تھا، مسلم لیگ (ن) اہم ایشوز کے حوالے سے سچائی تک پہنچنے کے لئے قومی کمیشن کا قیام چاہتی ہے، جب سیاسی مخالفین کے پاس کچھ اور کرنے اور کہنے کو نہیں تو وہ ریحام خان کی کتاب کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگا دیتے ہیں، عمرہ کے لئے جانا چاہتا ہوں مگر عدالتی کارروائی کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کر سکوں گا مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت

منگل 5 جون 2018 15:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار نگران حکومت ہے، ہمارے دور میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا تھا، مسلم لیگ (ن) اہم ایشوز کے حوالے سے سچائی تک پہنچنے کے لئے قومی کمیشن کا قیام چاہتی ہے۔ منگل کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں لوڈ شیڈنگ نہیں تھی کیونکہ ہم نے سسٹم میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی ہے۔

(جاری ہے)

لوڈ شیڈنگ کی ذمہ دار نگران حکومت ہے۔ انہوں نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ ایک سنگل بینچ پارلیمنٹ کے بنائے ہوئے قانون کو کس طرح مسترد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کاغذات نامزدگی میں امیدوار سے معلومات حاصل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ریحام خان کی کتاب کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) پر الزام کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ان کے سیاسی مخالفین کے پاس کچھ اور کرنے اور کہنے کو نہیں ہوتا تو وہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات لگا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمرہ کے لئے جانا چاہتے ہیں مگر عدالتی کارروائی کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کر سکیں گے۔