سابق انگلش کرکٹر سٹیو روہڈز کو بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا کوچ بنائے جانے کا امکان، باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع

منگل 5 جون 2018 15:58

ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2018ء) سابق انگلش وکٹ وکیپر سٹیو روہڈز بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کے حوالے سے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آ گئے، باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔بنگلہ دیشی ٹیم گزشتہ برس اکتوبر سے چندیکا ہتھورو سنگھا کے مستعفی ہونے کے بعد ہیڈکوچ کے بغیر ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیری کرسٹن کی سفارش پر بنگلہ دیش نے سٹیوروہڈز کو کوچ بنانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور اسی لئے دیگر امیدواروں کو انٹرویو کیلئے بھی طلب نہیں کیا گیا، امکان ہے کہ رواں ہفتے کے آخر میں باضابطہ طور پر اس بات کا اعلان کر دیا جائے گا۔

روہڈز نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ان کی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ حکام سے بات چیت جاری ہے، یہ بات درست ہے کہ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی رکھتا ہوں اور میں اسے اعزاز سمجھوں گا۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نظام الدین چوہدری نے کہا کہ روہڈز کرکٹ کے بارے وسیع سوچ رکھتے ہیں اور ان کا تجربہ ورلڈ کپ میں ٹیم کیلئے مفید ثابت ہو سکتا ہے، سٹیو عہدے کیلئے بہترین چوائس ہیں، امید ہے کہ وہ ایک دو روز میں ہمارے ساتھ ملاقات کر کے معاملات طے کریں گے، توقع ہے کہ رواں ہفتے کے آخر میں ہم باضابطہ نئے کوچ کا اعلان کر لیں گے۔ واضح رہے کہ روہڈز کو 11 ٹیسٹ اور 9 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچز میں انگلش ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :