کشمیر اسلامک سنٹر میرپور میں ’’مطالعہٴ قرآن دورانِ ماہِ رمضان ‘‘ کے عنوان سے تنظیم اسلامی کے بانی ڈاکٹر اسرار احمد ؒکے ویڈیو ریکارڈ شدہ ترجمہ و مختصر تفسیر پروگرام کا روزانہ ایک ایک گھنٹہ کی دو نشستوں کی صورت میں جاری

منگل 5 جون 2018 16:01

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) کشمیر اسلامک سنٹر میرپور میں ’’مطالعہٴ قرآن دورانِ ماہِ رمضان ‘‘ کے عنوان سے تنظیم اسلامی کے بانی ڈاکٹر اسرار احمد رحمہ اللہ کے ویڈیو ریکارڈ شدہ ترجمہ و مختصر تفسیر پروگرام کا روزانہ ایک ایک گھنٹہ کی دو نشستوں کی صورت میں جاری ہے جس میں بحمد للہ بائیس پاروں کا مختصر ترجمہ و تفسیر کا مطالعہ اور نماز تراویح میں سماعت مکمل ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

مطالعہ قرآن دوران رمضان المبارک کے اس مبارک اور بابرکت سلسلہ میں روزانہ بعد نماز عصر ایک گھنٹہ اور بعد نماز مغرب ایک گھنٹہ کی دو دو نشستیں ہوتی ہیں، اس دوران اجتماعی افطاری اور نماز تراویح کا باجماعت اہتمام بھی کیا گیا ہوا ہے ۔ اسلامیان ِ میرپور گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی بحمد للہ بڑی تعداد میں اس روحانی و قرآنی ماحول سے مستفید ہو رہے ہیں ۔ ڈائریکٹر کشمیر اسلامک سنٹر نے توقع ظاہر کی ہے کہ اسلامیان میرپور رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں میں قرآن فہمی کے اس موقع سے جو ستائیس رمضان المبارک تک جاری رہے گا ، بھرپور استفادہ کرتے رہیں گے ۔ کشمیر اسلامک سنٹر ڈسٹرکٹ کورٹس میرپور کے بالکل سامنے افتخار پلازہ کی دوسری منزل پر واقع ہے۔