پاکستان میں عید الفطر کس تاریخ کو ہوگی، اعلان کردیا گیا

منگل 5 جون 2018 16:31

پاکستان میں عید الفطر کس تاریخ کو ہوگی، اعلان کردیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائنسی لحاظ سے 29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔رمضان المبارک کے گزرتے ایام کے ساتھ ساتھ اب ملک بھر میں شوال کے چاند سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوچکی ہیں اور اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بھی پیشگوئی کردی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے وزارت مذہبی امور کو شوال کے چاند کی عمر پر تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سائنسی لحاظ سے 29رمضان کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، شوال کے چاند کی پیدائش 14جون کوشب 12:45 پر ہوگی اور سورج غروب ہونے کے وقت چاند کی عمر 19گھنٹے 3 منٹ ہوگی۔غروب آفتاب کے وقت سے چاند 39منٹ تک آسمان پر دکھائی دے گا اور سائنسی طور پر چاند کی عمر 26گھنٹے 42منٹ ہو تو وہ دکھائی دے سکتا ہے۔لہٰذا 29رمضان کو چاند کے نظر آنے کے امکانات کم ہیں ۔