آزاد جموں وکشمیر بورڈ آف ریونیو نے پریس فائونڈیشن آزاد کشمیر کے زیر اہتمام ضلع کوٹلی میں صحافیوں کے رہائشی مسائل حل کرنے کیلئے سو کنال پر مشتمل رقبہ پریس فائونڈیشن کو منتقل کئے جانے کی منظوری دیدی

منگل 5 جون 2018 16:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) آزاد جموں وکشمیر بورڈ آف ریونیو نے پریس فائونڈیشن آزاد کشمیر کے زیر اہتمام ضلع کوٹلی میں صحافیوں کے رہائشی مسائل حل کرنے کیلئے سو کنال پر مشتمل رقبہ پریس فائونڈیشن کو منتقل کئے جانے کی منظوری دیدی ہے ۔ اس سلسلہ میں منگل کے روز باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری امتیاز ، سینئر صحافی جاوید اقبال ہاشمی کی موجودگی میں رقبہ منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن پریس فائونڈیشن کے وائس چیئرمین سردار ذوالفقار علی کے حوالے کیا۔

ضلع کوٹلی میں ایک سو کنال رقبہ صحافیوں کی رہائشی کالونی کیلئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے پٹے داری پر دیئے جانے کی منظوری دو روز قبل دی تھی اس سلسلہ میں بورڈآف ریونیو نے وزیراعظم کی ہدایت پر ماتحت محکمہ مال کی رپورٹ کی روشنی میں سمری تیار کی تھی جو وزیر مال سردار فاروق سکندر نے منظوری کیلئے اپنی سفارش کیساتھ وزیراعظم کو ارسال کی تھی ۔

(جاری ہے)

پریس فائونڈیشن نے مناسب اقساط میں تیس لاکھ روپے سرکاری خزانے میں مجوزہ رقبہ کی لیز کی مد میں جمع کروانے ہیں ۔ پریس فائونڈیشن ضلع کوٹلی میں تجویز کردہ رقبہ کی تحویل کیلئے ضروری کارروائی چیئرمین فائونڈیشن جسٹس راجہ صداقت حسین کی منظوری کے بعد شروع کریگا ۔ وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن سردار ذوالفقار علی نے اس موقع پر کہا ہے کہ پریس فائونڈیشن کے زیر اہتمام یہ پہلی بڑی کامیابی ہے جملہ بے گھر ممبران پریس فائونڈیشن کی رہائشی ضروریات اور مالی حیثیت مدنظر رکھتے ہوئے کوشش کررہے ہیں کہ مناسب ترین قیمت پر پلاٹ اور گھر صحافیوں کو مہیا کئے جائیں ۔

ضلع کوٹلی میں ایک سو کنال رقبہ کی فراہمی پر حکومت آزاد کشمیر خصوصاً وزیراعظم ، وزیر مال ، وزیر اطلاعات اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، سیکرٹری اطلاعات ، ڈی جی اطلاعات اور تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے تعاون کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کمشنر مظفرآباد نے بحیثیت کوآرڈی نیٹر فائونڈیشن کے کمرشل پلازہ جات کیلئے اپنی تجاویز سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو فراہم کردی ہیں اس حوالہ سے آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے پریس فائونڈیشن کی تحریک پر تین پریس کلبوں کی عمارات کی تعمیر کے منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے رکھی ہے جن میں ضلع ہٹیاں ، ضلع نیلم ، اور پلندری شامل ہیں جبکہ مظفرآباد اور بھمبر پریس کلب کی عمارات کی تعمیر رواں سال کے ترقیاتی بجٹ کا حصہ ہیں ۔

سینئر وزیر نے حویلی ، باغ اور راولاکوٹ کے پریس کلبوں کی زمین کے حصول کیلئے بھی متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ سردار ذوالفقار علی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے صحافیوں کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی کوششیں کررہے ہیں ۔ صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے کمیونٹی کااتحاد یکجہتی اور تعاون اشد ضروری ہے ۔