پاکستان کے پرکشش سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کی ضرورت ہے، گورنرسندھ

عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے حکومت بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے،محمد زبیر سیاحت کے فروغ میں کانفرنس ’’ دوسری پاکستان ٹریول مارٹ ‘‘ اہم ثابت ہوگی، محمد رفیق خان کی سربراہی میں وفد سے گفتگو

منگل 5 جون 2018 16:40

پاکستان کے پرکشش سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کی ضرورت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں دنیا کے پرکشش اور خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں انھیں عالمی سطح پر روشناس کرانے کی ضرورت ہے ، دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو ، گلگت ، بلتستان ، ہنزہ ، مری ، کیر تھر اور ہنگول ینشنل پارکس سمیت دیگر عالمی سطح کے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی اپنی مثال آپ ہے جہاں کاموسم ، پرفضا ماحول اور پرکشش نظارے دل موہ لیتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مقامات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے سیاحت کو فروغ دیاجائے اس ضمن میںحکومت بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے اس سلسلہ میں سیاحت پر دوسری کانفرنس ’’پاکستان ٹریول مارٹ ‘‘ اہم ثابت ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائو س میں بخاری گروپ کے سربراہ محمد رفیق خان بخاری کی سربراہی میں چار رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کانفرنس کے اغراض ومقاصد ، بین الاقوامی سطح پر پاکستان میں سیاحت کے فروغ ،پہلی کانفرنس میں دنیا کے دس ممالک کے مندوبین کی شرکت اور اس کے نتائج اور پاکستان کے سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ پاکستان میں دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو پر کوہ پیمائی کے فروغ کے لئے حکومت ہر ممکن مدد ، تعاو ن اور معاونت فراہم کررہی ہے تاکہ سیاحت کے ساتھ ساتھ کوہ پیمائی کو بھی فروغ دیا جا سکے ، پاکستان کے پر فضا مقامات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے نجی ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اس ضمن میں کوہ پیمائی کے فروغ کو بھی فوقیت دینا ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ دوسری سیاحتی کانفرنس میں دنیا کے 20 ممالک سے وفود کی شرکت سے پاکستان کا مثبت امیج اور سیاحتی مقامات کی تشہیر ہوگی جو کہ خوش آئند ہے حکومت کانفرنس کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی، کانفرنس کا کامیاب بنانے کے لئے ضروری ہے کہ مختلف ممالک کے سفارتکاروں کو اس کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا جائے انھیں بریفنگ دینے سے اس کانفرنس کے ضمن میں اہم کامیابی حاصل ہو سکتی ہے ۔

ملاقات میں محمد رفیق خان نے گورنرسندھ کو بتایا کہ پہلی کانفرنس گذشتہ برس 9 نومبر کو منعقد ہوئی تھی جس میں وسط ایشائی ریاستوں ملائیشیا ، ترکی اور تھائی لینڈ سمیت دیگر ممالک کے وفود نے شرکت کی تھی جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، امسال کانفرنس میں توقع ہے کہ دنیا کے 20 ممالک کے وفود شرکت کرینگے ۔ انہوں نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر گورنرسندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حوصلہ افزائی سے ملکی خدمت کا جذبہ مزید بڑھ گیا ہے ۔