متنازع انٹرویو: پی سی بی نے حفیظ کو ”کلین چٹ ‘ دے دی

منگل 5 جون 2018 16:27

متنازع انٹرویو: پی سی بی نے حفیظ کو ”کلین چٹ ‘ دے دی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 جون 2018 ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کے متنازع انٹرویو پر ٹیسٹ کرکٹر کی وضاحت کے بعد معاملہ ختم کردیا ہے ۔37سالہ قومی کرکٹر محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے مشکوک باﺅلنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قوانین پر بات کی تھی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا جب کہ اس حوالے سے انہیں طلب بھی کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق محمد حفیظ متنازع انٹرویو کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہارون رشید، سلمان نصیر اور امجد بھٹی پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ سابق کپتان محمد حفیظ نے کمیٹی میں پیشی کے موقع پر کہا کہ میرا مقصد آئی سی سی پر تنقید کرنا نہیں تھا، میں نے باﺅلنگ ایکشن ٹیسٹ کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز دی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کرکٹ فینز کے قانون سے متعلق شکوک و شبہات دور کرنے کے لیے تجاویز دی تھیں، بدقسمتی سے میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی سی بی نے حفیظ کی وضاحت قبول کرکے معاملہ ختم کردیا۔یاد رہے کہ محمد حفیظ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ مشکوک باﺅلنگ ایکشن سے متعلق آئی سی سی کے قانون پر عملدرآمد کو دہرے معیار سے تعبیر کرتے ہیں، اس قانون پر طاقت، تعلقات اور نرم گوشہ اثرانداز ہوتے ہیں۔آل راﺅنڈر نے سوال اٹھایا تھا کہ ایک انسانی آنکھ کیسے یہ دیکھ سکتی ہے کہ ان کی باﺅلنگ 15 ڈگری کی مقررہ حد سے صرف ایک ڈگری زیادہ پر ہوئی ہے اور امپائرز اور میچ ریفریز کو ان کی 16 ڈگری پر باﺅلنگ کرنا تو نظر آگیا لیکن دوسری جانب بہت سے ایسے باﺅلرز بھی ہیں جو 30،25 اور اس سے بھی زیادہ ڈگری پر باﺅلنگ کر رہے ہیں لیکن وہ رپورٹ نہیں ہوئے۔