Live Updates

عمران اور ریحام کے معاملے میں زبردستی گھسیٹا جا رہا ہے،

ہمیں الیکشن جیتنے کیلئے کسی کتاب یا اسکینڈل کی ضرورت نہیں ‘احسن اقبال

منگل 5 جون 2018 16:49

عمران اور ریحام کے معاملے میں زبردستی گھسیٹا جا رہا ہے،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن جیتنے کے لیے کسی کتاب یا اسکینڈل کی ضرورت نہیں تحریک انصاف اپنی کارکردگی اور اناڑی پن سے قوم کو قائل کر چکی ہے،نگران وزیراعلی کے حوالے سے عمران خان کے یوٹرن ان کی ناہلی اور اناڑی پن کا ثبوت ہیں لہٰذا وہ ثابت کرچکے کہ ملک کی قیادت کے اہل نہیں ، اگلا الیکشن نعروں کا نہیں کارکردگی ،تسلسل کا ہوگا، اگر کوئی اناڑی آگیا تو ترقی کے عمل کو رول بیک کردے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال نے ریحام خان سے متعلق سوال پر کہا کہ ریحام نے مجھ سے پوچھ کر شادی تو نہیں کی تھی، عمران اور ریحام کے آپس کے معاملات ہیں ہمارا کیا لینا دینا ہے اس میں ہمیں زبردستی شامل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ریحام خان سے ملاقات یا رابطے کی ہم دونوں تردید کر چکے ہیں لہٰذا نامناسب بات ہے کہ ہمیں سابق میاں بیوی کے معاملے میں گھسیٹا جا رہا ہے۔

ہر غیر ضروری بات کا نوٹس لے کر اسے اجاگر کرنے کی ضرورت نہیں، ابھی کوئی قانونی کارروائی نہیں کروں گا کہ اس مسئلے سے زیادہ اہم مسائل موجود ہیں،جو بھی مناسب ہوگا کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ناقص کارکردگی دکھانے کیلئے کسی کتاب کی ضرورت نہیں اور نہ ہمیں الیکشن جیتنے کے لیے کسی کتاب یا اسکینڈل کی ضرورت ہے ،تحریک انصاف اپنی کارکردگی اور اناڑی پن سے قوم کو قائل کر چکی ہے۔

عمران خان کی نااہلی، ناقص کارکردگی اور اناڑی پن کے مظاہرے 3 دن میں سامنے آگئے، نگران وزیراعلی کے حوالے سے عمران خان کے یوٹرن ان کی ناہلی اور اناڑی پن کا ثبوت ہیں، عمران ثابت کرچکے کہ ملک کی قیادت کے اہل نہیں ہیں، ان کا اناڑی پن انہیں انتخابات میں شکست دینے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی 3 بڑی جماعتوں کی کارکردگی کے لیے ایک دن کراچی، لاہور اور پشاور میں قیام کرکے دیکھ لیا جائے، ایک دن ان شہروں میں قیام سے پتا چل جائے گا کون سی جماعت ملک کوترقی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورا پشاور شہر کھنڈر اور کراچی گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے، پنجاب اور لاہور کی ترقی کو دنیا سراہتی ہے، الیکشن میں خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے عوام بھی (ن) لیگ کو ووٹ دیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ اگلا الیکشن نعروں کا نہیں بلکہ کارکردگی اور تسلسل کا ہوگا، پاکستان کو تسلسل کی ضرورت ہے، ہم نے جو منصوبے شروع کیے انہیں مکمل کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے سی پیک کی بنیاد رکھی ہے، اسی کی بنیاد پر عمارت کھڑی رہنے کی ضرورت ہے، خدانخواستہ کوئی تبدیلی ہوگی تو اربوں ڈالرکے ترقیاتی منصوبے رک جائیں گے، اگر کوئی اناڑی آگیا تو ترقی کے عمل کو رول بیک کردے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات